Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ برمی آرمی ’کرکٹ کا ماحول بنانے‘ پاکستان آگئی

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سنہ 2005 کے بعد پہلی مرتبہ بین سٹوکس کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ سیریز کھیلنے پہنچ چکی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
لیکن صرف انگلش کرکٹ ٹیم ہی پاکستان نہیں آئی بلکہ میچ سے قبل انگلینڈ سے ایک ’آرمی‘ بھی پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔
یہاں بات ہورہی ہے ’انگلینڈ کی برمی آرمی‘ کی جو کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فینز ہیں اور پچھلی کئی دہائیوں سے اپنی ٹیم کے پیچھے پیچھے ملک، ملک کا دورہ کر رہی ہے۔
انگلینڈ کی برمی آرمی کے سوشل میڈیا مینیجر جو اپنے نام کے پہلے حصے چَک سے جانے جاتے ہیں خود بھی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز دیکھنے پاکستان آ رہے ہیں۔
چک نے اردو نیوز کو تصدیق کی کہ وہ خود بھی پاکستان آرہے ہیں اور ان کے ساتھ ایک سوشل میڈیا جرنلسٹ، باجا بجانے والا اور تقریباً 100 کے قریب انگلش فینز بھی اس سیریز کے لیے پاکستان میں اپنا پڑاؤ ڈالیں گے۔

برمی آرمی ہے کیا اور کرتی کیا ہے؟

برمی آرمی انگلینڈ کے کرکٹ فینز کا ایک بہت بڑا گروپ ہے۔ یہ گروپ سنہ 95-1994 میں ڈیوڈ پی کاک، پال برنہم اور گیرتھ ایونز نے اس وقت بنایا گیا تھا جب انگلینڈ کی ٹیم ایشز سیریز کھیلنے آسٹریلیا جارہی تھی۔
اس وقت برمی آرمی کے اراکین کی تعداد صرف 30 کے لگ بھگ تھی جو کندھوں پر بیگ لٹکائے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پیچھے ملک، ملک جایا کرتے تھے اور کرکٹ دیکھنے کا اپنا شوق پورا کرنے کے لیے دنیا بھر کے ہوٹلوں کو اپنا مسکن بنا لیا کرتے تھے۔
تین بانیوں اور 30 اراکین پر مشتمل یہ گروہ اب تقریباً 27 سال بعد ہزاروں انگش کرکٹ فینز کا ایک کلب بن چکا ہے۔
یہ کلب نہ صرف انگلینڈ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے بلکہ دوسرے ممالک میں جا کر کرکٹ دیکھنے کے شوقین افراد کی رہنمائی اور ان کے رہنے بسنے کے انتظامات میں بھی ان کی مدد کرتا ہے۔

پاکستان آنے والی برمی آرمی کی ٹیم میں باجا بجانے والا بھی ہوگا۔ (فائل فوٹو: برمی آرمی/ٹوئٹر)

برمی آرمی چیریٹی کا کام بھی کرتی ہے اور اپنی بنیاد رکھنے کے بعد سے اب تک پانچ لاکھ پاؤنڈز کی رقم بھی جمع کر چکا ہے۔ اس برمی آرمی کے باجا بجانے والے بھی دنیا بھر میں مشہور ہیں جو کہ بیرون ملک سٹیڈیمز میں بیٹھے رنگ جما رہے ہوتے ہیں۔

برمی آرمی پاکستان میں کیا کرے گی؟

انگلینڈ کی برمی آرمی کے سوشل میڈیا مینیجر چک نے اردو نیوز کو بتایا کہ جب 2005 میں انگلینڈ کی ٹیم آخری مرتبہ پاکستان ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئی تھی ان کے کلب کے اس وقت کے گروپ مینیجر اینڈی بھی پاکستان میں کرکٹ دیکھنے آئے تھے۔
چک کا کہنا ہے کہ ’اینڈی اور دیگر افراد پاکستان دوبارہ آنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘
برمی آرمی کے سوشل میڈیا مینیجر کہتے ہیں کہ ’ہم انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سب سے بڑے فینز ہیں اور جہاں بھی ہماری ٹیم جاتی ہے ہم ان کا پیچھا کرتے ہیں۔‘
چک نے حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ کا حوالہ دیتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہمارے کئی اراکین جو کچھ ہفتوں قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں موجود تھے وہ بھی ہمارے ساتھ پاکستان میں موجود ہوں گے۔‘
پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان جا کر کرکٹ کا ماحول بنا دیں گے اور ہمارے باجے بجانے والے اور ان کے گانے خاص طور پر بہت مشہور ہیں۔‘

برمی آرمی کے اراکین پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

’پاکستان میں سیریز کے دوران ایک ایسی قوم کے ساتھ کرکٹ سے محبت شیئر کریں گے جو کرکٹ سے بے حد محبت کرتی ہے۔‘
پیر کو انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں کھیلے جانے والے سیریز کی میچ فیس پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے عطیہ کردیں گے۔
انگلینڈ کی برمی آرمی بھی پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ چک کا کہنا ہے کہ ’ہم پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ ایک علاقے کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں اپنے تجربات کو قلمبند کریں گے تاکہ پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات کو دنیا بھی دکھایا جا سکے۔‘

شیئر: