Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: آفیشلز میں متنازع نوبال دینے والے امپائر بھی شامل

امپائر مرے اریسمس نے محمد نواز کی گیند کو نو بال قرار دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پریس ریلیز کے ذریعے کیا۔
پی سی بی کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے شیڈول اس سیریز کے لیے میچ آفیشلز آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی قیادت میں کام کریں گے۔
ٹیسٹ سیریز میں کُل چھ امپائر ذمہ داریاں نبھائیں گے جن میں جنوبی افریقہ کے اپمائر مارائس  اریسمس ، ویسٹ انڈیز کے امپائر جوئل وِلسن، پاکستانی امپائر علیم ڈار، احسن رضا، آصف یعقوب اور راشد ریاض شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جوئل ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ مرے اریسمس تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔
اسی طرح 9 دسمبر سے ملتان میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مارائس  اریسمس  اور علیم ڈار آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ جوئل ولسن تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔
خیال رہے حالیہ ٹی20 ورلڈ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ میں مارائس اریسمس امپائر تھے اور آخری اوور میں ان کے فیصلوں پر کافی تنقید ہوئی تھی۔
انڈیا کے خلاف میچ کےآخری اوور میں انڈیا کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے۔ محمد نواز کی فل ٹاس گیند کو امپائرز کی جانب سے نوبال قرار دیا گیا تھا جس پر خود کپتان بابر اعظم نے احتجاج کیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی امپائر کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 
17 دسمبر سے کراچی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ایک بار پھر جوئل ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ مارائس اریسمس تھرڈ اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ میں مارائس اریسمس نے محمد نواز کی گیند کو نو بال قرار دیا تھا اور کرکٹ شائقین اس فیصلے پر ناخوش نظر آئے تھے۔

 

شیئر: