Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام ارکان نے اپنے استعفے تیار رکھے ہوئے ہیں: ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود جان نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن اراکین آج تحریک عدم اعتماد جمع کرواتے ہیں تو ایک گھنٹے کے اندر اسمبلی کا اجلاس بلا کر اسے ناکام بنائیں گے۔ 
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں ڈپٹی سپیکر محمود جان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ پارٹی چیئرمین عمران خان کریں گے تاہم پی ٹی آئی ارکان کے استعفے تیار ہیں۔
پیر کو لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کی اعلٰی قیادت نے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کی تھی جس کے بعد  خیبرپختونخوا سے وزراء اور اراکین اسمبلی کے استعفے سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان نے بتایا کہ ’اسمبلی تحلیل کرنے کا یا استعفے دینے کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ تاہم میرا استعفیٰ جیب میں تیار پڑا ہوا ہے جب بھی چیئرمین کا حکم ملے گا ہم پیش کر دیں گے۔ میری طرح تمام ارکان نے اپنے استعفے تیار رکھے ہوئے ہیں۔‘
ڈپٹی سپیکر محمود جان نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سے متعلق کہا ’اپوزیشن کو میرا مشورہ ہے کہ اپنا شوق پورا کر لیں لیکن ان کو ناکامی ہوگی۔ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے ہمارے اراکین کی تعداد 95 ہے اور صرف ایک رکن باغی ہے۔‘
’اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 45 ہے اور وہ کتنے ہی اراکین اپنے ساتھ ملائیں گے۔ اپوزیشن نے اس سے پہلے بھی تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی مگر خود ہی واپس لے لی تھی۔‘
محمود جان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دعوے صرف بیانات کی حد تک ٹھیک ہیں، یہ لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں لیکن عام انتخابات میں یہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر بلدیات فیصل امین گنڈا پور اور وزیر اعلٰی کے معاون خصوصی وزیر زادہ سمیت پانچ اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے وزیر اعلٰی محمود خان کو ارسال کر دیے ہیں۔

شیئر: