Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل باجوہ کا دور تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، پرویز الٰہی کا ’زبردست‘ خراج تحسین

وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا دور تاریخ میں یاد رکھا جائے گا اور لوگوں کے دلوں میں بھی یاد رہے گا۔
منگل کو جاری ویڈیو پیغام میں پرویز الٰہی نے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  ’آپریشن رد الفساد میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے شاندار کردار کی دنیا معترف ہے، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا کریڈٹ انہی کو جاتا ہے۔‘
’سوات، قبائلی علاقوں، وزیرستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے بہت محنت کی اور دہشت گردوں کو ختم کیا۔ آج خیبرپختونخوا سمیت تمام علاقوں میں امن ہے اور لوگ پرسکون ہیں۔‘
وزیر اعلٰی نے مزید کہا کہ جب زلزلہ آیا تو اس وقت بھی سابق آرمی چیف قمر کی قیادت میں فوج نے بہت کام کیا، سیلاب میں بھی پنجاب کے متاثرہ علاقوں سمیت ہر جگہ فوج بروقت پہنچی۔
’سندھ میں سیلاب کے دوران پاک فوج کے علاوہ کسی نے کام نہیں کیا۔ خیبر پختونخوا میں بدترین سیلاب آیا اور جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ خود وہاں پہنچے۔ ان کی سماجی و دینی خدمات بے شمار ہیں۔ سعودی عرب نے دنیا کی سب بڑی تبلیغی جماعت پر غلط فہمی کی بنا پر پابندی لگائی، سابق آرمی چیف نے پابندی ہٹوانے میں لیڈنگ کردار ادا کیا۔‘
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ’تبلغی جماعت کے اجتماعات میں قمر جاوید باجوہ کی درازی عمر اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے سب سے زیادہ دعائیں کی گئیں۔ ان کا کردار دین، ملک اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی اچھا ہے۔‘
’قمر جاوید باجوہ نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور بہتری کے لیے جتنے کام کیے وہ رہتی دنیا تک لوگ یاد رکھیں گے۔‘
وزیراعلٰی نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بہت تجربہ ہے اور انہوں نے بہت کام کیا ہے، ان سے بہتری کی امید ہے۔
’مجھے بھی موقع ملا تھا 8،10 ماہ ان کے ساتھ کام کرنے کا۔ جنرل سید عاصم منیر بہترین سپہ سالار ثابت ہوں گے۔ ہماری سب کی دعائیں نئے آرمی چیف کے ساتھ ہیں۔‘
پرویز الٰہی نے مزید کہا ’دنیا کی سب سے بہترین فوج پاکستان کی فوج ہے۔ پاک فوج کی ہر جگہ نظرہوتی ہے بالخصوص خارجہ پالیسی اور دیگر امور بھی ان کی نظر میں ہوتے ہیں۔‘

شیئر: