Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب میرین کیبل میں خرابی سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر

پی ٹی اے نے سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پیدا ہونے والے مسئلہ کی تصدیق کی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
مصر کے قریب زیرسمندر کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
منگل کو پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ مصر کے ابو طالب اور زعفرانہ شہروں کے قریب سی می ڈبلیو ای فائیو میں دہری خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو خدمات کی فراہمی کے لیے متبادل انتظام کر لیا گیا ہے اور خرابی دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

انٹرنیٹ ٹریفک پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں منگل کی رات سات بجے کے قریب انٹرنیٹ کے حوالے سے صارفین کی شکایات بڑھنا شروع ہوئیں جو رات کو ساڑھے نو بجے تک خاصی زیادہ ہو گئی تھیں۔
پاکستان میں مختلف انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی جانب سے صارفین کو ’انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی‘ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ’خرابی کی نشاندہی ہو چکی ہے اور اس کی درستی کا کام جاری ہے

مصر کے قریب کیبل میں خرابی کی اطلاع کے ساتھ ساتھ پاکستان کو زیرسمندر کیبل کے ذریعے انٹرنیٹ خدمات کرنے والے دونوں اداروں پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کے نیٹ ورکس متاثر ہونے کی شکایات بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق ’پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر متاثر ہیں اور کچھ صارفین کو سروس کوالٹی میں معمولی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ مصر میں بین الاقوامی سب میرین کیبل AAE-1 کے کٹ جانے کی وجہ سے ہے۔‘
نیا ٹیل نے اپنے صارفین کو اطلاع دی کہ ’انٹرنیٹ نہ ہونے یا رفتار سست ہونے کی وجہ اپ لنک پرووائیڈرز کے نظام میں خرابی ہے۔ مسئلہ کو جلد حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔‘

منگل کی رات پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے صارفین انٹرنیٹ سروس کی رفتار سست ہونے کی شکایت کرتے دکھائی دیے۔

شیئر: