Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون17 پرو بمقابلہ پرانے آئی فون: نئے ماڈل میں کون سا اہم فیچر غائب ہے؟

آئی فون 17 پرو ماڈلز میں کیمرے متعلق دیگر اہم اپ گریڈز کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جب کوئی صارف نیا سمارٹ فون خریدتا ہے تو اس کی اولین توقع یہ ہوتی ہے کہ اسے بہترین اور جدید ترین فیچرز میسر آئیں گے۔
سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ذریعے پرانی ڈیوائسز کو عموماً کئی نئے فیچرز ملتے ہیں مگر کچھ نہایت دلچسپ اور اہم صلاحیتیں عموماً صرف نئے ترین ہینڈ سیٹس کے لیے مخصوص رکھی جاتی ہیں۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں کے پلیٹ فارم ’ٹیک ریڈار‘ کے مطابق آئی فون کی دنیا میں ایک ایسا غیرمتوقع موڑ آیا ہے جہاں ایک ایسا فیچر موجود ہے جو پرانے آئی فونز تو آسانی سے استعمال کر سکتے ہیں لیکن حیران کن طور پر آئی فون 17 پرو ماڈلز کے صارفین اس سہولت سے محروم ہیں۔
آئی فون 17 پرو میں کون سا فیچر غائب؟
ٹیک ریڈار کی رپورٹ کے مطابق، ریڈٹ (Reddit) اور ایپل کے کچھ فورمز پر صارفین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 17 پرو پر پورٹریٹ شاٹس لیتے وقت نائٹ موڈ کا استعمال ممکن نہیں ہے۔
ریڈٹ پر ’کیٹالیٹک کلوور‘ نامی ایک صارف نے شکایت کی کہ ’رات کے وقت پورٹریٹ تصاویر اتنی اچھی نہیں آتیں جتنی آ سکتی تھیں اور یہ پچھلے ماڈلز سے حاصل ہونے والی کوالٹی کے مقابلے میں ایک کم درجے کی چیز ہے۔‘
اس دعوے کی تصدیق ’میک ورلڈ‘ نے بھی کی ہے جس کے مطابق ایپل کی سپورٹ ڈاکیومنٹ میں آئی فون 12 پرو سے لے کر آئی فون 16 پرو میکس تک کے ماڈلز کو ان ڈیوائسز میں شامل کیا گیا ہے جو کیمرے کے ان دونوں فیچرز کو بیک وقت استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کو اس فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

آئی فون 16 پرو کے مقابلے میں اب اس کے تینوں لینز 48 میگا پکسل ریزولوشن کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یہ بات فی الحال واضح نہیں ہے کہ جدید ترین آئی فون ماڈلز ایک ساتھ نائٹ موڈ اور پورٹریٹ موڈ کیوں استعمال نہیں کر پا رہے ہیں۔ رات کے وقت قدرے زیادہ ’آرٹسٹک‘ اور جمالیاتی شاٹس لینے کے خواہش مند صارفین کے لیے یہ ایک مایوس کن خبر ہے۔
عام طور پر پورٹریٹ موڈ پس منظر کو دھندلا کرنے کا آپشن دیتا ہے اور نائٹ موڈ کم روشنی میں لانگ ایکسپوژر ممکن بناتا ہے۔ اگر ان دونوں کو صحیح طریقے سے یکجا کیا جائے تو رات کی روشنی میں بہترین اور ڈرامائی تصاویر حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ان تمام باتوں کے باوجود آئی فون 17 پرو ماڈلز میں کیمرے متعلق دیگر اہم اپ گریڈز کیے گئے ہیں۔ آئی فون 16 پرو کے مقابلے میں اب اس کے تینوں لینز 48 میگا پکسل ریزولوشن کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں۔

جدید ترین آئی فون ماڈلز ایک ساتھ نائٹ موڈ اور پورٹریٹ موڈ کیوں استعمال نہیں کر پا رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ آئی فون 17 پرو کے فرنٹ کیمرے میں بھی ایک بڑا اپ گریڈ کیا گیا ہے جس کی بدولت صارف کو فون کو گھمائے بغیر پورٹریٹ اور لینڈ سکیپ دونوں طرح کی سیلفیز لینے کی سہولت میسر ہے۔
یہی نہیں بلکہ اب فرنٹ اور ریئر (پیچھے) دونوں کیمروں سے بیک وقت ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جا سکتی ہے۔
یوں دیکھا جائے تو تمام فوائد ختم نہیں ہوئے ہیں مگر اس میں شک نہیں کہ آئی فون 17 پرو کی فیچر لسٹ سے نائٹ موڈ اور پورٹریٹ موڈ کے ایک ساتھ کام کرنے کو نکالنا کچھ عجیب ضرور لگتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس کی کوئی تکنیکی ہو۔

 

شیئر: