Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹیم آج میکسیکو کے خلاف تین اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اُترے گی

سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم  قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بدھ 30 نومبر کو اپنے گروپ کا تیسرا اورآخری میچ میکسیکو کے خلاف کھیلے گی۔ 
 سعودی وقت کے مطابق میچ رات دس بجے 974 سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سعودی ٹیم اپنے تین اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترے گی۔
 فیفا ورلڈ کپ میں سعودی عرب گروپ سی میں ارجنٹائن، میکسیکو اور پولینڈ ساتھ شامل ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹیم کے کھلاڑیوں نے منگل کو فرانسیسی کوچ کی نگرانی میں سیلین ریزورٹ سٹیڈیم میں تربیتی سیشن میں شرکت کی۔
سعودی ٹیم کے فرانسیسی کوچ کا کہنا ہے کہ ’میکسیکو کےخلاف میچ ان کی زندگی کا اہم ترین میچ ہے۔ شکست سے ہر قیمت پر بچنا ہوگا ورنہ زندگی بھر پشیمان رہیں گے۔‘ 
 رینارلڈ نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ’میکسیکو کے خلاف ٹیم میں کون سے کھلاڑی شامل ہوں گے اس حوالے سے بدھ کو اعلان ہو گا‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کو فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ملے تو اس کے ہر لمحے یاد رکھیں۔ 80 ہزار شائقین کی موجودگی میں کھیلنا بڑے معنی رکھتا ہے۔‘ 
فرانسیسی کوچ نے کہا کہ ’گروپ سی کا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے زندگی اور موت کے برابر ہے۔ ہمیں کامیابی کے لیے سر توڑ کوشش کرنا ہو گی۔‘ 
سعودی ٹیم کے کوچ نے مزید کہا کہ ’ہر میچ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ ہمیں حریف کی کمزوریوں کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا جبکہ اس کی طاقت پر نظر رکھنا ہوگی۔ میکسیکو نے ارجنٹائن کےخلاف بہترین حکمت عملی استعمال کر کے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر میسی نے نتیجہ الٹ دیا۔‘ 

سعودی کوچ کا کہنا ہےکہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے زندگی اور موت کے برابر ہے( فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ ’سعودی ٹیم الفرج، الشھرانی اور المالکی کی کمی محسوس کر رہی ہے لیکن ہمارے پاس 26 نامور کھلاڑی ہی جو ان کی کمی کو پورا کرنے کے قابل ہیں۔‘
اس موقعے پر سعودی کھلاڑی محمد کنو نے کہا کہ ’میکسیکو کیخلاف میچ زندگی اور موت کا مقابلہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے ہمیں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میکسیکو کےخلاف فتح ہمارے لیے بڑے معنی  رکھتی ہے۔ ہر کھلاڑی تاریخ رقم کرنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لانے کا جذبہ رکھتا ہے۔‘

شیئر: