Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں موسم سرما کا آغاز، معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان

 مملکت کے کئی علاقوں میں جنوری 2023 کے دوران معمول کی بارش متوقع ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ آج یکم دسمبر سے موسم سرما کا آغاز ہو رہا ہے۔ جنوری سرد ترین ماہ رہے گا اور21 دسمبر کو سال کی سب سے لمبی رات ہوگی۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسم سرما کے دوران سعودی عرب کے مشرقی، وسطی اور جنوب مشرقی علاقوں میں اوسط بارش معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
’دسمبر میں بارش معمول سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ الجوف ریجن، ریاض اور مکہ مکرمہ ریجنز کے متعدد مقامات پر معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔‘ 
قصیم، حائل اور الشرقیہ ریجنز کےعلاوہ حدود شمالیہ کے بعض مقامات پر بھی زیادہ بارش کا امکان ہے جبکہ جازان اورعسیر ریجنز کے ساحلی مقامات پر معمول سے کم بارش کے آثار ہیں۔ مملکت کے دیگر مقامات پر بارش معمول کے مطابق ہو گی۔ 
قومی مرکز کے مطابق ’جنوری میں ریاض، مدینہ منورہ، حائل، القصیم و نجران ریجنز اور مکہ مکرمہ ریجن کے بعض مقامات پر معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔‘
مشرقی ریجن میں زیادہ بارش کی توقع ہے جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں جنوری 2023 کے دوران معمول کی بارش متوقع ہے۔
فروری کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ ’تبوک، الجوف، حدود شمالیہ اور الشرقیہ ریجنوں اور مشرقی ریاض کے بعض مقامات پر معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں معمول کے مطابق بارش کے امکانات ہیں۔‘

شیئر: