Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر مملکت اور وزیراعلٰی پنجاب کا اسمبلیاں ’فوری تحلیل‘ نہ کرنے کا مشورہ

پاکستان تحریک انصاف کے اہم ذمہ دار کے مطابق ’عمران خان آئندہ برس مارچ کے وسط تک انتخابات کروانے کے خواہش مند ہیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اردو نیوز کو پاکستان تحریک انصاف کے انتہائی اہم ذمہ دار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’صدر مملکت عارف علوی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پیغام پہنچایا ہے کہ فوری طور پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل نہ کی جائیں، بلکہ ملک بھر میں قبل از وقت عام انتخابات کروانے کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے۔
پی ٹی آئی کے اہم ذمہ دار کے مطابق ’صدر مملکت اور پرویز الٰہی نے ایک بار پھر سے بیک ڈور مذاکرات کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جس میں قبل از وقت انتخابات کروانے کے حوالے سے تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
’صدر مملکت نے ایک سابق وفاقی وزیر کے ذریعے عمران خان تک پیغام پہنچایا ہے۔ یہ سابق وزیر ماضی میں بھی مذاکرات کا حصہ رہے ہیں۔‘
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر نائب صدر فواد چوہدری نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ ’صدر مملکت کی عمران خان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی نہ ہی انہوں نے کوئی پیغام پہنچایا ہے۔‘
انہوں نے کہا اسمبلیاں کب تحلیل کرنی ہیں یہ فیصلہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔


فواد چوہدری نے کہا ہے اسمبلیاں کب تحلیل کرنی ہیں یہ فیصلہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)

خیال رہے فواد چوہدری متعدد مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت اگر انتخابات کی تاریخ دے دیں تو پاکستان تحریک انصاف فریم ورک طے کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اہم ذمہ دار نے مزید کہا کہ ’وزیراعلٰی پنجاب نے بھی عمران خان کو اسمبلیاں فوری طور پر تحلیل نہ کرنے کا پیغام پہنچایا ہے اور مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہونے کی امید دلاتے ہوئے ڈیڈلاک ختم کروانے کے لیے وقت مانگا ہے۔ تاہم اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ سابق وزیراعظم عمران خان خود کریں گے اور اس حوالے سے آئندہ ہفتے اہم اعلان متوقع ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’عمران خان آئندہ برس مارچ کے وسط تک انتخابات کروانے کے خواہش مند ہیں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اردو نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’صرف خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ’وفاقی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ضروری ہے۔
’اب اگر پنجاب اسمبلی کسی بھی قانونی شق یا اپوزیشن کی مخالفت کی وجہ سے تحلیل نہیں ہوتی تو سوال بنتا ہے کہ کیا پھر خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے سے ہم اپنے مطالبات منواسکیں گے؟‘

شیئر: