Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ سن کر ہم سب حیران رہ گئے: شہرام ترکئی

خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے عمران خان کے اسمبلیوں سے نکلنے کے فیصلے کے بارے میں کہا ہے کہ ’عمران خان چاہتے تھے کہ یہ فیصلہ ان تک محدود رہے اور کسی کو پتا نہ چلے۔‘
صوبائی وزیر شہرام ترکئی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے عمران خان کے اسمبلیوں سے نکلنے کے فیصلے پر حیرت سے انہیں دیکھا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’عمران خان نے 26 نومبر کے جلسے میں جو فیصلہ کیا اس بارے میں کسی کو علم نہیں تھا۔ یقیناً اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ ہمارے لیے غیر متوقع تھا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’میری جو ویڈیو وائرل ہوئی میں اسے دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوا، ہم سرپرائز ضرور ہوئے اور جب عمران خان نے اپنا فیصلہ سنایا تو شیخ رشید نے اللہ اکبر کا نعرہ لگایا جس کو سن کر ہم سب حیران ہو گئے۔‘
’عمران خان نے اپنے فیصلے سے متعلق صرف چند قائدین سے مشورہ کیا تھا۔ وہ ہمارے لیڈر ہیں، ان کا ہر حکم سر آنکھوں پر ہے، جب کہیں گے استعفیٰ دیں گے، یہ وزارت اور عہدہ عمران خان کی امانت ہے۔‘ 
شہرام ترکئی کا مزید کہنا تھا کہ ’اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفیٰ دینے کا حتمی فیصلہ بھی عمران خان کریں گے۔‘
’اپوزیشن، پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے کیونکہ اسے پتا ہے اگر اسمبلیاں تحلیل ہوگئیں تو انتخابات میں پی ٹی آئی نے کلین سویپ کرنا ہے۔ وہ ایڑی چوٹی کا زور لگالیں اب کچھ نہیں ہوسکتا۔‘ 

شیئر: