Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تلواروں کا رقص‘ ریاض میں وزارت ثقافت کے تحت سعودی ثقافتی نمائش

نمائش میں مملکت کی تاریخ، قومی پرچم اور ارتقا سے آگاہ کیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ پیر پانچ دسمبر 2022 کو ریاض شہر میں المصمک محل کے الصفا میدان میں تلواروں کے سعودی رقص کے بارے میں سپیشل نمائش منعقد کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ نمائش چھ روزہ ہو گی جس میں سعودی ثقافت کی نمایاں علامت ’العرضہ السعودیہ‘ کے حوالے سے مختلف پروگرام ہوں گے۔ نمائش میں سعودی معاشرے میں تلواروں کے رقص کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔
اس بات سے آگاہ کیا جائے گا کہ ’العرضہ السعودیہ‘ کے نام سے مشہور سعودی رقص کا قومی شناخت سے کتنا گہرا تعلق ہے۔ 
نمائش کے شائقین کو صحرا کے مزاج سے ہم آہنگ تلواروں کے رقص کے تعارف اور اس حوالے سے معاشرے میں رائج تلواروں کے مختلف قسم کے رقص کر کے آگاہ کیا جائے گا۔ 
نمائش میں آنے والے بانی مملکت شاہ عبدالعزیز سے منسوب تلواروں کے اس رقص سے بھی محظوظ ہوں گے جو ’عرضہ حدا الخیل‘ کے نام سے مشہور ہے۔ یہ وہ رقص ہے جسے شاہ عبدالعزیز نے گھوڑوں پر سوار اپنے سپاہیوں کے ساتھ کیا تھا۔
اس موقع پر جو گیت گائے گئے تھے وہ بھی پیش کیے جائیں گے۔ سعودی عرب کی تاریخ کے دوران قومی پرچم اور اس کے ارتقا کی کہانی بھی بیان ہو گی۔ 
مختلف ریاستوں میں بٹی ہوئی مملکت کو متحدہ ریاست کے پرچم تلے جمع کرنے والے کارنامے کی تعریف میں کہے گئے قصائد، حکمرانوں اور شہزادوں کے ملفوظات بھی پیش کیے جائیں گے۔  
نمائش میں تلواروں کا ایک اور رقص بھی دکھایا جائے گا جو حکمرانوں کے عہد میں تلواروں کے رقص کے نام سے معروف تھا۔

  سعودی حکمرانوں کے زیر استعمال رہنے والی تلواروں کی بھی نمائش کی جائے گی(فوٹو: ٹوئٹر)

اس کے تحت سعودی عرب کے حکمراں بادشاہوں کو تلواروں کا رقص کرتے ہوئے دکھایا جائے گا۔ اس حوالے سے سعودی حکمرانوں نے جو ملبوسات استعمال کیے تھے وہ بھی شائقین کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ سعودی عرب کے بادشاہوں نے العرضہ السعودیہ میں جو تلواریں استعمال کی تھیں وہ بھی دکھائی جائیں گی۔  
نمائش میں تلواروں کا رقص سکھانے والے اس انسٹی ٹیوٹ کا تعارف بھی کرایا جائے گا جہاں ہر عمر کے لوگوں کو سعودی عرب کے قومی رقص کی تعلیم اور ٹریننگ دی جاتی ہے۔ 
نمائش میں ’تلواروں کا رقص عالمی منظرنامے‘ کے عنوان سے ایک سٹال لگایا جائے گا جس میں مختلف ممالک کے ان ممتاز سربراہوں اور سفارت کاروں کی تلواروں کا رقص کرتے ہوئے تصاویر سجائی جائیں گی۔ 
نمائش میں تلواروں کے رقص سے تعلق رکھنے والے ہنرمندوں کا تعارف بھی ہو گا۔ اس حوالے سے بھی ایک سٹال سجایا جائے گا۔
جس میں تلواروں کے رقص کے ملبوسات کی صنعت اور تلواروں کے رقص میں گھڑ سوار کے زیر استعمال العقال المقصب کی صنعت کا بھی تعارف ہو گا۔ یہ بھی بتایا جائے گا کہ اس عقال کے بڑے کاریگر کون ہیں اور اس دنیا کے نامور ہنرمند کون کون ہیں۔ 
نمائش میں تلواروں کے رقص کی فلم، فوٹو گرافی زون، قہوہ ہاؤس اور یادگاری اشیا کی نمائش بھی ہو گی جبکہ تلواروں کے سعودی رقص کی الدرعیہ ٹیم اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔  

شیئر: