Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: ’پاکستان جیتا تو پھوپھو کی بیٹی کو ہاں‘

انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔ (فوٹو: انگلینڈ کرکٹ/ٹوئٹر)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا راولپنڈی میں جاری پہلا میچ پانچویں دن میں داخل ہوچکا ہے اور میزبان ٹیم انگلینڈ کی طرف سے دیے گئے 343 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے کھیل کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی جب اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
اس وقت پاکستان کی تین وکٹیں گر چکی ہیں اور کریز پر سعود شکیل اور محمد رضوان موجود ہیں اور پاکستان کے پاس پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کا موقع بھی موجود ہے۔
انگلینڈ کے اننگز کو ڈیکلیئر کرنے کے فیصلے کو سوشل میڈیا صارفین ایک بہادرانہ فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔
کھیلوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی ارفہ فیروز نے لکھا ’بلا شبہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اپنے قوت حوصلہ اور ٹیسٹ میچ کی ہار سے نہ ڈر کر کرکٹ فینز کے دل جیت لیے ہیں۔‘
ذیشان خان نامی صارف نے انگلینڈ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’انگلینڈ بہادرانہ کرکٹ کھیل رہا ہے۔ وہ شکست سے ڈرتے نہیں اور اس لیے اکثر جیت جاتے ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف عمر لکھتے ہیں کہ ’پاکستان کی ٹیم کبھی بھی اتنی بہادر نہیں ہو سکتی۔ اس ٹیسٹ میچ کو دلچسپ بنانے کا سب کریڈٹ انگلینڈ کی ٹیم کو جاتا ہے۔‘
پاکستان نے پانچویں دن لنچ بریک تک تین وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے ہیں اور جیت کے لیے میزبان ٹیم کو مزید 174 رنز کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے پاس سات وکٹیں موجود ہیں اور یہ میچ جیتنے کا موقع بھی موجود ہے پھر بھی کچھ صارفین کو میزبان ٹیم کی جیت شاید مشکل نظر آرہی ہے۔
حماد نامی صارف نے کھیل کے پانچویں دن کے ابتدائی لمحات میں خود سے ایک وعدہ کیا اور اس وعدے کو ٹوئٹر صارفین کے ساتھ بھی شیئر کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان کو 90 اوورز میں 240 رنز کی ضرورت ہے۔ اگر پاکستان میچ جیت جاتا ہے تو (شادی کے لیے) پھوپھو کی بیٹی کا ہاں کہہ دوں گا۔‘
کرکٹ لکھاری عثمان سمیع الدین نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پاکستان نے جتنی جرات اس ٹیسٹ میچ میں دکھائی ہے اس سے زیادہ قبرستان میں نظر آتی ہے۔‘
صحافی فرید خان لکھتے ہیں کہ ’اس ٹیسٹ میچ کا اختتام ڈرا کی صورت میں نہیں ہوگا اگر پاکستان دو یا تین وکٹیں جلدی نہیں کھو دیتا اور حکمت عملی تبدیل کرلیتا ہے۔‘
کھیل کے پہلے سیشن کے اختتام پر سعود شکیل 63 اور محمد رضوان 42 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔

شیئر: