راولپنڈی ٹیسٹ: سٹوکس کی دلیرانہ کپتانی کے سامنے پاکستانی بیٹنگ ڈھیر
راولپنڈی ٹیسٹ: سٹوکس کی دلیرانہ کپتانی کے سامنے پاکستانی بیٹنگ ڈھیر
پیر 5 دسمبر 2022 9:36
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 268 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
اولی روبنسن کو بہترین بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پیر کو میچ کے آخری روز پاکستان نے 80 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو امام الحق 48 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 76 رنز بنانے کے بعد روبنسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے کے فوراً بعد جیمز اینڈرسن نے ہی محمد رضوان کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی سعود شکیل تھے جو 76 رنز بناکر اولی روبنسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آغا سلمان کو روبنسن نے 30 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز اظہر علی تھے جنھوں نے 40 رنز بنائے۔
زاہد محمود کو بھی اینڈرسن نے ایک سکور پر آؤٹ کیا، اسی اوور میں حارث رؤف بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز نسیم شاہ تھے جنھیں جیک لیچ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور روبنسن نے چار، چار وکٹیں کیں، جیک لیچ اور بین سٹوکس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا تھا۔ عبداللہ شفیق چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جن کی وکٹ روبنسن نے لی۔ اسی اوور میں نئے آنے والے بلے بارز اظہر علی ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔
بابر اعظم بھی ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا سکے۔ انہیں بین سٹوکس نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بھی جارحانہ بیٹنگ
اتوار کوانگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا اورچائے کے وقفے پر اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جب کہ اس کی تین وکٹیں باقی تھیں، اس طرح انگلینڈ کو مجموعی طور 342 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں ہیری بروک 87 اور جیک کرالی 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سلمان آغا کو ملی۔
اس سے قبل پاکستانی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے جس میں چار سینچریز بھی شامل تھیں، جو بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پوپ اور ہیری بروک نے بنائیں۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ نو دسمبر سے ملتان اور تیسرا میچ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔