Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ: پاکستان کے لیے انگلینڈ کے خلاف سیریز کتنی اہم ہے؟

ہوم سیریز ہونے کی وجہ سے پاکستان کے فتح حاصل کرنے کے امکانات زیادہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے۔
یہ سیریز تاریخی اعتبار سے پاکستان کے لیے اہمیت کی حامل تو ہے ہی لیکن ورلڈ ٹیسٹ چیمئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کا بھی پاکستان کے پاس ایک موقع ہے۔  
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی اس سیریز کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے سنہری موقع قرار دے چکے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سیریز کے میچز نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔  
آئیے پہلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالتے ہیں۔ 
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا سر فہرست ہے، جبکہ جنوبی افریقہ 60 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا تیسرے انڈیا چوتھے اور پاکستان کی پوزیشن پانچویں ہے۔ ویسٹ انڈیز چھٹے، انگلینڈ ساتویں اور نیوزی لینڈ نویں پوزیشن پر موجود ہے۔  
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے امکانات کم ہیں، تاہم پاکستان پانچویں پوزیشن پر ہونے کے باوجود تاحال ریس سے باہر نہیں ہوا۔
پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے باقی ماندہ دو سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانا ہوگی، جبکہ ہوم سیریز ہونے کی وجہ سے پاکستان کے فتح حاصل کرنے کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔  
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہیں۔ پاکستان کو فائنل تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کے لیے پانچ میچز میں سے چار میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔  
تین میچز میں فتح اور دو میں شکست یا ڈرا کی صورت میں پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹس میں اگر مگر کی صورتحال کا شکار ہو جائے گا۔  
تین میچز جیتنے کی صورت میں پاکستان کا فائنل تک رسائی کا انحصار جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی سیریز پر ہوگا۔ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں جس میں جنوبی افریقہ ایک میچ جیتنے اور ایک ڈرا کرنے کی صورت میں فائنل تک پہنچ جائی گی، یوں پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پوزیشن پانچویں اور انگلینڈ ساتویں پوزیشن پر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی سیریز آسٹریلیا نے 2-0 سے اپنے نام کی تو پاکستان کے لیے فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔  
پاکستان کو فائنل تک براہ راست رسائی کے لیے چار اور تین میچز جیتنے کی صورت میں دیگر ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔  
تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود سری لنکا اور انڈیا کا فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دیگر ٹیموں پر دارومدار ہے۔ دونوں ٹیموں کی صرف ایک ایک سیریز باقی ہے۔ سری لنکا نے نیوزی لینڈ جبکہ انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ 
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آئندہ سال جون میں انگلینڈ کے اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: