Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کی پروازوں میں 114 فیصد سے زائد کا اضافہ

آئی اے ٹی اے کے مطابق بین الاقوامی فضائی سفر کے مقابلے میں اندرونی فضائی پروازوں میں کمی ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی
انٹرنیشنل ایئر ٹریفک اتھارٹی کے مطابق رواں سال اکتوبر میں مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کی پروازوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بین الاقوامی روٹس پر 114.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انٹرنیشنل ایئر ٹریفک اتھارٹی (آئی اے ٹی اے) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2021 کے مقابلے میں مشرق وسطیٰ کے خطے میں موجود تمام فضائی کمپنیوں کی صلاحیت میں 55.7 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ مسافروں کے تناسب میں بھی 21.8 فیصد سے 79.5 کا اضافہ ہوا ہے۔
جبکہ اکتوبر میں مشرق وسطیٰ کی ایئر لائنز کی کارکردگی ایشیا پیسیفک ایئر لائنز سے بہتر تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں رواں سال اسی مہینے میں کُل عالمی ایئر ٹریفک میں 44.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطیٰ کے خطے میں ایئر ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہے۔
آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ویلی والش کا کہنا ہے کہ ’عام طور پر اکتوبر کے مہینے تک شمالی نصف کرہ ارض میں سیاحت میں کمی دیکھی جاتی تھی، اس لیے ڈیمانڈ اور بکنگز میں اضافہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ ‘
آئی اے ٹی اے کے جنیوا میں سالانہ اجلاس کے موقع پر عرب نیوز کی جانب سے سوال کے جواب میں ڈائریکٹر جنرل ویلی والش نے کہا کہ ’ عالمی وبا کے بعد سے ایوی ایشن کا شعبہ دیگر ممالک کے مقابلے میں مشرق وسطیٰ اور ایشیائی خطے میں تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔‘ 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب سیاحتی مقام کے طور پر ابھرنے کا عزم رکھتا ہے جس کے نتائج سال 2023 اور 2024 میں ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔
آئی اے ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سال 2022 میں مشرق وسطیٰ کی ایئر لائنز کو 1.1 ارب ڈالر کا خسارہ ہو سکتا ہے تاہم سال 2023 میں 268 ملین ڈالر کی آمدنی کے ساتھ یہ مضوطی کے ساتھ بحال ہوں گی۔
مشرق وسطیٰ میں صارفین کی جانب سے بھی فلائٹ بک کرنے کی طلب میں 23.4 فیصد اضافہ ہوگا۔
۲۹۰ ایئر لائنز کی نمائندہ تنظیم آئی اے ٹی اے کے مطابق بارہ مہینے قبل کے اعداد و شمار کا موازنہ کیا جائے تو اکتوبر 2022 میں اندرونی فضائی سفر میں 0.8 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جس کی ایک وجہ چین میں کورونا وائرس سے متعلق سخت پابندیوں کا نفاذ ہے۔
جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں رواں سال اکتوبر میں انٹرنیشنل ایئر ٹریفک 102.4 فیصد کو پہنچ گئی ہے۔

شیئر: