Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش نے انڈیا کو 5 رنز سے ہرا دیا، مہدی نے میچ بنایا، مستفیض نے بچایا

بنگلہ دیش نے اننگز کے آخری 10 اوررز میں 102 رنز سکور کیے (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے انڈیا کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ 
ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا کی ٹیم 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا سکی۔
 بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے شاندار سینچری بنائی۔ 
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا لیکن جلد ہی بنگلہ دیشی بیٹرز ایک کے بعد ایک واپس پویلین لوٹنا شروع ہوگئے۔
جب بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی تو آل راؤنڈر مہدی حسن میراز شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سینچری داغ دی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 100 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔
ایک موقع پر بنگلہ دیش کا 19 اوورز میں 69 سکور تھا اور ان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے جس کے بعد مہدی حسن میراز اور محمود اللہ کے درمیان 148 رنز کی شاندار شراکت ہوئی جس کے بعد میزبان ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔
بنگلہ دیش نے اننگز کے آخری 10 اوررز میں 102 رنز سکور کیے۔
انڈیا کی جانب سے واشنگٹن سُندر نے 3 جبکہ محمد سراج اور عمران ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

روہت شرما کی کریز پر موجودگی نے انڈیا کو جیت کے قریب لا کھڑا کیا لیکن کپتان آخری گیند پر چھکا مارنے میں ناکام رہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب سے بنگلہ دیش کے ہدف کے جواب میں انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔
وراٹ کوہلی 5 رنز بنا کر عبادت حسین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انڈیا کی جانب سے شکھر دھون بھی اور کے ایل راہول بھی جلد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شریاس آیئر اور اکشر پٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی جیتنے کی امید قائم رکھی تاہم شریاس ایئر 82 جبکہ اکشر پٹیل 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
میچ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے انڈین کپتان روہت شرما میچ میں نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے۔
روہت شرما نے زخمی انگوٹھے کے ساتھ خوب مزاحمت دکھاتے ہوئے پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔

مہدی حسن میراز نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 100 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

روہت شرما کی کریز پر موجودگی نے انڈیا کو جیت کے قریب لا کھڑا کیا لیکن کپتان آخری گیند پر چھکا مارنے میں ناکام رہے جس کے باعث انڈیا ہدف حاصل نہ کرسکا اور ہار گیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین نے تین، مہدی حسن میراز نے 2، شکیب الحسن نے بھی 2 جبکہ مستفیض الرحمان اور محمود اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مہدی حسن میراز کی شاندار اننگز کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
آئی سی سی نے مہدی حسن میراز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا شاندار باری تھی، مہدی حسن میراز نے آج ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو مستحکم ہدف دینے میں مدد کی۔‘
ہرشا بھوگلے نے ٹویٹ کیا کہ ’69 پر 6 آؤٹ ہونے کے بعد 7 وکٹوں پر 271 کرنا ایک خاص کوشش ہے، یہ دونوں میچ مہدی حسن میراز کا کیریئر تبدیل کرسکتے ہیں۔‘
اویناش آریان کہتے ہیں کہ ’مہدی حسن کا نام یاد رکھیے گا، کیا پلیئر ہیں، سنچری بنا ڈالی۔‘
مُوفدل ووہرا لکھتے ہیں کہ ’مہدی حسن میراز بنگلہ دیش کے ہیرو ہیں۔‘
فرضی کرکٹر نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’مہدی حسن، بنگلہ دیش کے بریڈ مین، ہم پر تھوڑا رحم کھاؤ۔‘

شیئر: