Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کے اتوار بازار میں لگنے والے آگ بجھا دی گئی

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سستے بازار میں اچانک لگنے والی آگ نے تجارتی مرکز کے ’20 فیصد حصے‘ کو متاثر کیا ہے۔
بدھ کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی فائر بریگیڈ، امدادی ٹیموں اور مسلح افواج کی امدادی ٹیموں کی کاوشوں سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’آگ کپڑے اور کارپٹ کے سٹالز پر لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔‘

جمعہ کو بازار معمول کے مطابق کھلے گا (فوٹو: اسلام آباد ضلعی انتظامیہ)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاجروں کے سامان کی حفاظت کے لیے بازار میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے جب کہ آج رات کے لیے متاثرہ مقام کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ لگنے سے بازار کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے تاہم جمعہ کو معمول کے مطابق بازار کھلے گا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایچ نائن کے اتوار بازار میں آگ لگنے کی اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اہلکار آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اتوار بازار میں آگ لگنے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے امدادی کارروائیوں کی اطلاع سامنے آنے کے کچھ دیر بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بتایا گیا کہ ’ضلعی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔‘

رانا ثنا اللہ کی ٹویٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ’اسلام آباد کے اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔‘
آگ پھیلنے کے بعد اس پر قابو پانے کے لیے جہاں اسلام آباد اور راولپنڈی کی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے کوشش کی وہیں مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آگ بجھانے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی۔
اتوار بازار میں لگنے والی آگ سے متعلق اپ ڈیٹس شیئر کرنے والے متعدد صارفین نے دعوی کیا کہ بازار کے اس حصے میں آگ لگی ہے جہاں کپڑوں، قالینوں اور گھریلو استعمال کے دیگر سامان کے سٹالز ہیں۔

رائے ولید بھٹی نے آگ کی اطلاع شیئر کرتے ہوئے ’بھاری نقصان کا خدشہ‘ ظاہر کیا۔
اسلام آباد کے اتوار بازار میں آگ ایک ایسے وقت میں لگی ہے جب بازار بند تھا۔ مختلف صارفین نے اس صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے جہاں کسی جانی نقصان سے بچے رہنے کی امید کی وہیں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ بازار بند ہونے پر بھی سٹال ہولڈرز اپنا تجارتی سامان وہیں محفوظ رکھتے ہیں جو اس آگ میں جل کر بھاری مالی نقصان کا باعث ہو سکتا ہے۔

شیئر: