Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کا سینٹورس مال سِیل کرنے کے ایک دن بعد کھول دیا گیا

رواں سال اکتوبر میں سینٹورس مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال سینٹورس کو ’غیرقانونی استعمال‘ کے باعث بند کرنے کے ایک روز بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ اور کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پیر اور منگل کی درمیانی شب مال کو سِیل کر دیا تھا۔
منگل کی رات کو سی ڈی اے کے عملے نے شاپنگ مال کے پہلے فلور کو کھول دیا تاہم پلازے کا تہہ خانہ قواعد پر عمل درآمد ہونے تک سِیل ہی رہے گا۔ 
سی ڈی اے حکام کے مطابق ’تہہ خانے کو غیر قانونی طور پر کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔‘
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ’تہہ خانے کو پارکنگ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن کمرشل سرگرمیوں کی وجہ سے تہہ خانے کو سِیل کیا گیا ہے۔‘
حکام نے مزید کہا کہ ’اسلام آباد سینٹورس مال کے بیسمنٹ میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف دفاتر کھلے ہوئے تھے اور تعمیراتی مواد بھی رکھا ہوا تھا۔‘
سی ڈی اے کے مطابق ’بیسمنٹ کے جس حصے میں پارکنگ کے علاوہ جو بھی خلاف قواعد جگہیں تھیں ان حصوں کو سِیل رکھا جائے گا، خلاف ورزی ختم ہونے پر ہی کھول دیا جائے گا۔‘
سینٹورس کی بندش کے بعد منگل کے روز مال کے ملازمین نے فیصل ایونیو اسلام آباد پر احتجاج کیا تھا، جس سے ٹریفک معطل ہو گئی تھی۔
سینٹورس کی بندش کے بعد سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اہل کشمیر کی قربانیوں کا ذکر نہ کرنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے سرزشن پر پی ڈی ایم مافیا کے ذریعے سینٹورس مال کا سِیل کیا جانا ظاہر کرتا ہے کہ گذشتہ آٹھ ماہ سے (ملک میں) جنگل کا قانون رائج ہے، اس سے کشمیریوں کو بھی منفی پیغام جاتا ہے۔‘
خیال رہے کہ 9 اکتوبر کو سینٹورس کی کثیر منزلہ عمارت و شاپنگ مال میں آگ لگ گئی تھی جس پر جلد ہی قابو پا لیا گیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک مال کو بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ 
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں فوڈ کورٹ میں بنے ریسٹورنٹ میں بھڑکنے والی آگ سے مال کے اندر کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی اس حادثے میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک ہوا۔

شیئر: