Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین کا انجری سے بحالی کا سفر جاری، ’کافی اچھا محسوس کر رہا ہوں‘

ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں شاہین شاہ آفریدی ایک مرتبہ پھر انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے بارے میں ایک ویڈیو اپلوڈ کی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پی سی بی کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں مختلف قسم کی ورزش کر رہے ہیں۔
اس موقع شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ ’تین چار دن ہو گئے ہیں صحت کی بحالی کا عمل شروع ہوا ہے، کافی اچھا محسوس کر رہا ہوں، واپس آ کر جِم، سائیکلنگ اور ٹریننگ کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ گراؤنڈ میں جلدی واپس آؤں گا۔‘
فاسٹ بولر نے مداحوں کے بارے میں کہا کہ ’جو ہمارے ٹیسٹ میچ جا رہے ہیں، جیسے پنڈی میں مداحوں نے پاکستان ٹیم کو سپورٹ کیا ہے، ویسے سپورٹ کریں۔‘

Caption

واضح رہے کہ شاہین آفریدی رواں سال جولائی میں سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈائیو لگاتے ہوئے گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
گھٹنے کی انجری کے باعث شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ، پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز اور نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم میں واپس آئے لیکن ورلڈ کپ میں بھی وہ مکمل طور پر فِٹ نہیں تھے تاہم اس کے باوجود ان کی ایونٹ میں کارکردگی نہایت عمدہ رہی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ایک مرتبہ پھر وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
پی سی بی کی شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں اس ٹویٹ کے بعد صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
آئینہ دعا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’امید کرتی ہوں کہ اب یہ (پی سی بی) لوگ جلد بازی سے کام نہیں لیں گے اور اسے مکمل طور پر ٹھیک ہونے دیں گے۔ آپ کو شاہین شاہ جیسے بولرز روز روز نہیں ملتے، ڈھیر ساری دعائیں۔‘

اریبہ کا کہنا تھا کہ ’ہم شاہین کی طرف سے بھرپور واپسی دیکھیں گے۔‘

محمد اسد نے نے کہا کہ ’فیلڈ میں ان کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے۔‘

شیئر: