Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان ٹیسٹ: جیمز اینڈرسن سپن بولنگ کریں گے؟

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں برتری حاصل کر رکھی ہے (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں جمعہ نو دسمبر سے ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی۔ اس میچ سے قبل پاکستانی اور انگلش کھلاڑیوں کی پریکٹس اور دیگر سرگرمیاں سوشل میڈیا پر خوب نمایاں رہیں۔
دوسرے ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے ’پریکٹس سیشن کے دوران بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کی‘ تو ان مناظر کو دیکھنے اور شیئر کرنے والوں نے پوچھا کہ کیا وہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے خلاف سپن بولنگ کی تیاری کر رہے ہیں؟
دیگر انگلش بولرز کا ذکر کرنے والوں نے اندازہ قائم کیا کہ جیمز اینڈرسن کی اس مشق پر وہ پریشان ہوں گے۔

ٹوبی ٹیرنٹ نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر وہ اس طرح بولنگ کرتے رہیں تو ہم ان سے مزید 30 برس تک مستفید ہو سکتے ہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین نے 40 سالہ انگلش بولر کے اس انداز کو پسند کیا تو یہ وضاحت بھی کی کہ اپنی بولنگ فارم کے بہترین دور میں موجود جیمز اینڈرسن بیٹرز کو پریکٹس کرانے کے لیے سپن بولنگ کر رہے ہوں گے انہیں کیا ضرورت کے اپنا انداز تبدیل کریں

انگلش کھلاڑی جیمز اینڈرسن کے لیے حالیہ دورہ اس حوالے سے بھی یادگار ہے کہ وہ 17 برس قبل پاکستان آنے والی مہمان ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ اس دورے میں جیمز اینڈرسن نے کوئی ٹیسٹ نہیں بلکہ ون ڈے میچ کھیلا تھا۔
کرکٹ فینز ہی نہیں بلکہ خود جیمز اینڈرسن نے بھی 17 برس قبل کی ایک یاد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق بھی نمایاں ہیں۔

انسٹاگرام پوسٹ کے ساتھ لکھے گئے کیپشن میں انہوں نے کہا تھا کہ ’17 برس بعد پاکستان آنا اچھا ہے۔‘
کرکٹ فینز نے ان کے گزشتہ اور موجودہ دورہ پاکستان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جیمز اینڈرسن کی فٹنس کو بھی سراہا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں فتح حاصل کرنے والی انگلش ٹیم نو سے 13 دسمبر کے دوران گرین شرٹس کا مقابلہ کرے گی۔ ملتان میں ہونے والا یہ میچ اس شہر میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا موقع بھی بنا ہے۔

شیئر: