Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوز لیکس تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات منظر عام پر لائی جائیں، پاکستان علماءکونسل

  اسلام آباد.... نیوز لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کی مکمل سفارشات منظر عام پر لائی جائیں۔ ملکی اور عالمی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ محاذآرائی سے ہر صورت بچا جائے اور پاکستان دشمن قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو کر استحکام پاکستان کیلئے جدوجہد کی جائے۔ جمعہ5 مئی2017ئ کو ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گا۔ جمہوری نظام کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اور مذہبی قائدین جمہوری رویہ اپنائیں۔وزیر اعظم ملک کے حالات کے پیش نظر فوری طور پرآل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ ہندوستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کی سازشوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ یہ بات پاکستان علمائ کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے قائدین اور 25 سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ استحکام پاکستان کانفرنس ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے سیاسی ماحول میں پیدا ہونے والی تلخ فضا کو بہتر اور پر امن بنانے کی اپیل کرتی ہے اور پانامہ لیکس سمیت تمام امور میں عدلیہ اور قانون کے مطابق فیصلہ کا انتظار کیا جائے۔اکستان کی عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں شمولیت کا خیر مقدم کرتی ہے اور جنرل راحیل شریف کی تعیناتی کو پاکستان پر عالم اسلام کا اعتما د سمجھتی ہے اور جنرل راحیل شریف کی تعیناتی کو متنازعہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتی ہے۔ کانفرنس سے مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان علمائ کونسل کے وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیخلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ پاکستان علمائ کونسل کی امن اور استحکام کیلئے جدوجہد کو تمام مکاتب فکر کا تعاون حاصل ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مولانا عبدالقادر سکندری نے کہا کہ تمام مکاتب فکر انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا محمد شریف ہزاروی نے کہا کہ اندرونی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ تمام قوتیں متحد ہوکر بیرونی قوتوں کو ناکام بنادیں۔ کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالحمید وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فوج کے جوانوں کے جذبات کا بھی احساس کریں۔

شیئر: