Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹر سدرہ امین آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت گئیں

سدرہ امین آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 176 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں (فوٹو: کرک انفو)
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سدرہ امین آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت گئیں۔
پیر کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے پلیئرز آف دی منتھ کا اعلان کیا جس کے مطابق سدرہ امین گزشتہ ماہ (نومبر) بہترین کارکردگی دکھانے والی خاتون کرکٹر رہیں۔
سدرہ امین نے نومبر میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں 277 رنز بنائے جس میں انہوں نے ایک سنیچری اور ایک ففٹی بنائی۔
سدرہ امین آئرلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 176 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جو کہ ویمن کرکٹ میں پانچواں بڑا انفرادی سکور ہے۔
سدرہ امین نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 91 رنز بنائے جبکہ تیسرے ون ڈے میں وہ صرف 10 رنز بنا سکیں۔
سدرہ امین نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف سنیچری سکور کی تھی جبکہ جون میں سری لنکا کے خلاف کراچی میں بھی انہوں نے سنیچری سکور کی۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 1992 میں پیدا ہونے والی سدرہ امین نے پاکستان کی جانب سے 2011 میں ڈیبیو کیا جس کے بعد انہوں نے پاکستان کی طرف سے 51 ون ڈے میچز کھیل کر 1281 اور 33 ٹی20 میچز کھیل کر 462 رنز بنائے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستانی خاتون کرکٹر ندا ڈار نے رواں سال اکتوبر میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد نومبر میں آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتا تھا۔

شیئر: