Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مضبوط تعلقات مزید مستحکم ہوں گے‘ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ ترکمانستان

شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکمانستان کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان ترکمانستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے ترکمانستان کے صدر کو خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ ترکمانستان کی حکومت اور عوام کی مزید خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حوالے  سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا ہےکہ صدر محمدوف کے ساتھ ملاقات مثبت رہی ( فوٹو ایس پی اے)

ملاقات میں سعودی عرب اور ترکمانستان کے برادرانہ تعلقات اور عالمی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 
بعد ازاں ترکمانستان کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ صدر محمدوف کے ساتھ ملاقات مثبت رہی ہے۔۔ ترکمانستان کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات منفرد اور30 سال پرانے ہیں۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور تمام شعبوں میں نئے امکانات دریافت ہوں گے۔
علاوہ ازیں یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ 
 شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات اور سرکاری مذاکرات کیے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل بھی زیر بحث آئے(فوٹو ایس پی اے) 

دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں نئے انداز سے مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سیاسی، سلامتی کے شعبوں اور مختلف سطحوں پر کثیر فریقی امور میں یکجہتی بڑھانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ 
ترکمانستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ رشید میردوف نے سعودی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا۔

شیئر: