Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رعایتی سیل‘ کے لیے قیمت 10 فیصد کم کرنا ضروری: وزارت تجارت

رعایتی سامان پر رعایت سے قبل اور بعد کی قیمتیں درج کی جائیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت تجارت نے تجارتی مراکز سے کہا ہے کہ ’رعایتی سیل‘ کے لیے سامان کی قیمت کم از کم 10 فیصد کم کرنا ضروری ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’اگر رعایتی سامان کی شرح تجارتی مرکز میں رکھے گئے کل سامان سے 50 فیصد سے کم ہو گی تو ایسی صورت میں ان اشیا پر چھوٹ دی جا سکتی ہے تاہم اس رعایت کے بارے میں مرکز کے باہر تشہیری مہم نہ چلائی جائے.‘
وزارت تجارت نے سامان تجارت پر رعایتی نرخوں کے ضوابط کے حوالے سے صارفین کے حقوق و فرائض جاری کیے ہیں۔
گائیڈ بک میں کہا گیا ہے کہ ’اگر تجارتی مرکز میں موجود 50 فیصد سامان پر رعایتی پیشکش کا اعلان کیا گیا ہو تو ایسی صورت میں اسے جزوی رعایت کہا جائے گا لیکن اگر یہ شرح 50 فیصد سے کم ہو تو ایسی صورت میں رعایتی پیشکش کا اعلان غیرقانونی ہوگا۔‘ 
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’اگرکاروباری مرکز میں موجود تمام سامان پر رعایت دی جا رہی ہو تو اسے مکمل رعایتی پیشکش کہا جائے گا۔‘
’رعایتی پیشکش کے دوران تجارتی مرکز کی ذمہ داری ہے کہ وہ رعایتی سامان پر رعایت سے قبل اور رعایت کے بعد کی قیمتیں درج کرے۔‘ 
ان کے مطابطق ’رعایتی پیشکش پرمٹ کی فوٹو کاپی کاروباری مرکز میں نمایاں مقام پر چسپاں کی جائے۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ رعایتی سیل کے اشتہار میں جو پیشکش کی گئی ہے اس کی پابندی کی جائے۔‘

شیئر: