Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر کے پاس وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار نہیں: سپیکر

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلٰی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرا رکھی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سیاسی اور آئینی بحران جاری ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے مطابق انہوں نے گورنر محمد بلیغ الرحمان کے دوسرے خط کا جواب بھی تحریری طور پر دے دیا ہے۔
جمعرات کو پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ انہوں نے گورنر کو خبردار کیا کہ وہ وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے باز رہیں کیونکہ یہ غیرقانونی عمل ہو گا۔
صوبائی اسمبلی کے سپیکر کا کہنا تھا کہ ’گورنر نے ایک خط لکھ کر وزیراعلٰی کے اعتماد کے ووٹ کے بارے میں لکھا جس پر میں نے جواب میں کہا کہ چوہدری برادران میں اختلافات ہیں اور چودھری شجاعت حسین کا پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے کچھ لینا دینا نہیں۔‘
سبطین خان نے کہا کہ ’گورنر نے خیال احمد کو وزارت دینے اور حسنین بہادر دریشک کے بارے میں جو کچھ لکھا وہ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے۔‘
سپیکر کا کہنا تھا کہ ’آرٹیکل 130 (7) کے مطابق گورنر کو نیا اجلاس طلب کرنا ہوتا ہے موجودہ چلتے ہوئے سیشن کے دوران گورنر نیا سیشن نہیں بلا سکتے تھے اور میں نے یہی جواب لکھ کر بھیج دیا، سپیکر کی رولنگ چاہے ایوان میں دی جائے یا چیمبر میں، وہ قانونی ہوتی ہے۔ مجھے وزیراعلٰی کو بچانے یا نہ بچانے کا کوئی مسئلہ نہیں، میں آج دوبارہ گورنر کو خط لکھ رہا ہوں۔‘
سبطین خان نے کہا کہ ’آرٹیکل 209 اے اور 235 کے تحت میرے پاس مکمل اختیارات ہیں۔ گورنر غیرآئینی احکامات جاری نہ کریں آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی کام نہیں ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی ہے، شاید جنوری کے پہلے ہفتے میں جا کر اس پر ووٹنگ وغیرہ کا مرحلہ مکمل ہو گا، سیشن چل رہا ہو یا نہ چل رہا ہو، وہ وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی نہیں کر سکتے۔ اگر وہ ڈی نوٹیفائی کرتے تو ہمارا صدر کو لکھا جانے والا خط تیار ہے، وہ ہم بھیج دیتے۔ ہم فوری طور پر اسمبلی توڑنا چاہتے ہیں لیکن تحریک عدم اعتماد کا معاملہ آ گیا جس کی وجہ سے معاملہ تاخیر کا شکار ہوا۔ گورنر چاہتے ہیں کہ ہم عوام کے پاس نہ جائیں۔ میرے اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحاریک عدم اعتماد پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔‘

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اپنی حکومتیں ختم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

دوسری طرف اپوزیشن کے رہنماؤں کا اجلاس لاہور کے گورنر ہاؤس میں جمعرات کی صبح سے جاری ہے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، گورنر پنجاب اور وزیراعظم کے مشیر عطا تارڑ موجود ہیں۔
وزیراعلٰی پرویز الٰہی نے بھی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

شیئر: