کولمبیا: یرغمال بنائے گئے 25 افراد کو چُھڑانے کی کوششیں، صدر موقع پر پہنچ گئے
رپورٹس کے مطابق سپیشل فورسز کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور آپریشن کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی امریکی ملک کولمبیا کی ایک مارکیٹ میں مسلح افراد کی جانب یرغمال بنائے گئے 25 افراد کو چھڑانے کی کوششیں جاری ہیں اور کولمبین صدر بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ شہر کارتاخینا کی ایک مارکیٹ میں منگل کی شام کو پیش آیا تھا، جس کے بعد سے مسلح افراد اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کافی کشیدگی دیکھی گئی۔
رپورٹس کے مطابق یرغمال بنائے گئے تمام افراد ابھی اندر ہیں اور صدر ابیلاردو دے لا ایسپرییا کا قافلہ تھوڑی دیر قبل ہی سپر مارکیٹ کے باہر پہنچا ہے اور صدر خود صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پولیس اہلکاروں اور سپیشل فورسز پر مشتمل فورسز ایک بڑے آپریشن کی تیاری کر رہی ہیں۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ ایک گینگ نے سپر مارکیٹ کے اندر ایک کیش لے جانے والی بکتر بند گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی تھی، تاہم کوشش ناکام ہونے پر انہوں نے 30 افراد کو یرغمال بنا لیا، جن میں سے پانچ عمر رسیدہ خواتین کو چھوڑ دیا گیا تھا۔
واقعے سے متعلق تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں درجنوں پولیس اہلکاروں کے علاوہ عمارتوں پر سنائیپرز کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مقامی میڈیا پرایسی تصویریں بھی جاری ہوئی ہیں جن میں نقاب افراد اور گھنٹنوں کے بیٹھے یرغمالی بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
واقعے کے بعد کارتاخینا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے طیاروں کی لینڈنگ کچھ دیر کے لیے روک دی گئی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق مسلح افراد قریباً 20 لاکھ ڈالر، دو بکتر بند گاڑیوں اور شمال مشرق میں واقع شہر بارانکیا جانے کے لیے محفوظ راستے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
صدر ابیلاردو دے لا ایسپرییا نے اس حملے کا الزام کالعدم گوریلا تنظیم فارک کے ایک علیحدگی پسند گروپ پر عائد کیا ہے۔