Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابا گرو نانک کے جنم دن میں شرکت کے لیے ہزاروں سکھ یاتریوں کی ننکانہ آمد

سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے انڈیا سے ہزاروں سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو اںڈیا سے ہزاروں سکھ یاتری اپنے مذہب کے بانی بابا گرو نانک کا 557واں جنم دن منانے کے لیے ننکانہ پہنچے۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ میں واقع بابا گرو نانک کی جائے پیدائش پر قائم گوردوارے میں ہونے والی تقریبات میں پانچ ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی مناسبت سے انڈیا کے تین ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔‘
نارنجی، نیلے، پیلے اور سفید رنگ کے لباس میں ملبوس سکھ یاتریوں نے گوردوارے کے احاطے کو رنگوں سے سجا دیا۔ مردوں نے پگڑیاں باندھ رکھی تھیں جبکہ خواتین سروں پر دوپٹے اوڑھے عبادت میں مصروف نظر آئیں اور اپنا مذہبی کلام گاتی رہیں۔

شیئر: