’مغربی پاکستان کے صوبوں اور ریاستوں کو ایک انتظامی اور سیاسی یونٹ مغربی پاکستان کے نام سے قائم ہونے والے صوبے میں بدل دیا جائے گا۔ تمام صوبوں اور ریاستوں کی علیحدہ حیثیت ختم ہو جائے گی۔ پاکستان کا آئندہ سیاسی اور آئینی ڈھانچہ دو صوبوں پر مشتمل ہوگا۔ مغربی پاکستان کے موجودہ صوبوں اور ریاستوں کی اسمبلیاں مجوزہ مغربی پاکستان صوبے کے قیام کی تائید میں قراردادیں منظور کریں گی۔‘
یہ تجاویز تقریباً 72 برس قبل اس وقت کے وزیراعظم محمد علی بوگرہ نے ریڈیو پاکستان پر خطاب میں قوم کے سامنے پیش کی تھیں۔ موجودہ پاکستان کے تمام صوبوں کی علیحدہ حیثیت ختم کر کے انہیں ایک نئے آئینی، سیاسی اور انتظامی ڈھانچے میں بدلنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان میں سیاست اور تاریخ دونوں اپنے آپ کو دہراتے ہیں۔ آج ملک کے منظر نامے پر نئے صوبوں کے قیام کے فوائد اور نقصانات کی بحث شدومد سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں
ماضی کا حال سے موازنہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ نومبر 1954 کے وسط میں آج کے پاکستان کو ایک ہی انتظامی صوبے میں ڈھالنے پر مبنی ون یونٹ سکیم کی افادیت، امکانات اور اثرات کا تذکرہ حکومتی، سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث تھا۔
آج کے پاکستان میں بھی اقتدار کی راہداریوں سے لے کر سیاسی، صحافتی اور قانونی حلقوں میں نئے صوبوں کی ضرورت، اس کے سیاسی ردعمل اور اثرات کا تذکرہ غالب ہے۔
اس سارے بحث و مباحثے میں تواتر کے ساتھ ون یونٹ کا تذکرہ دیکھنے اور پڑھنے کو ملتا ہے۔ نئے انتظامی یونٹس کے حمایتی اور مخالفین دونوں اسے اپنے دلائل میں زور پیدا کرنے کے لیے ایک حوالے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ مگر کسی جانب سے بھی اس موازنے کی وجوہات اور ون یونٹ کی تاریخ اور اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا جا رہا۔
سات دہائیوں بعد وفاقی میں شامل صوبوں کے انتظامی اور جغرافیائی نظام اور ڈھانچے کو بدلنے کی تجاویز اور نومبر 1954 کے آخری ہفتے کے دوران پاکستان میں جاری سیاسی اور قانونی کشمکش میں کوئی مماثلت موجود ہے؟
22 نومبر 1954 کے حکومتی اعلان کے اگلے روز اخبارات میں مشرقی اور مغربی پاکستان سے سیاسی رہنماؤں، جماعتوں کے تائیدی بیانات اور خیر مقدمی جذبات والی خبریں اور اشتہارات شائع ہوئے۔ ان میں صوبہ سندھ کے سات نمایاں اراکین اسمبلی کا مجوزہ سکیم کی حمایت کا اعلان سب سے اہم اور عوامی دلچسپی کا باعث تھا۔

حیرت انگیز سیاسی اتفاق یہ ہے کہ آج صوبوں کی تقسیم کی بحث میں سندھ کی صوبائی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ کی تقسیم کے تصور پر مبنی خبروں اور مجوزہ منصوبوں کی شد و مد سے مخالفت کر رہی ہے۔
ون یونٹ کے قیام کے وقت بھی سندھ واحد صوبہ تھا جس میں صوبوں کے انضمام پر دوسروں کی نسبت زیادہ مخالفانہ جذبات پائے جاتے تھے۔
مگر اس کہانی کا دلچسپ ترین اور غیر متوقع پہلو یہ تھا کہ ون یونٹ سکیم کے اعلان کے 20 دنوں بعد سندھ اسمبلی میں موجود 102 میں سے 98 ممبران نے ون یونٹ کے قیام کے حق میں ووٹ دیا۔
ذرا ٹھہریے! سیاسی تاریخ کی اس انوکھی داستان کا اینٹی کلائمیکس اس سے بھی دلچسپ ہے۔
ون یونٹ کے منصوبے کی صوبائی اسمبلیوں سے تائید اور توثیق کروانے والی سیاسی جماعتوں اور شخصیات نے دو برس بعد ہی اس سے بیزاری کا اظہار کر دیا۔ یہاں تک کہ اس کے خاتمے کے لیے اسمبلی میں قراردادیں اور عوامی سطح پر تحریکیں سامنے آگئیں۔
اس کی تفصیل میں جانے سے قبل ون یونٹ کی تخلیق کی تاریخ کے ورق کھولتے ہیں۔
ون یونٹ کس نے اور کیوں بنایا؟
گزشتہ دنوں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں جاری تند و تیز بحث کے تناظر یہ عندیہ دیا کہ ممکنہ طور پر نئے سال کہ آغاز تک ملک میں صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔ حکمران جماعت کے بعض رہنما اور وفاقی حکومت کے عہدے دار آئین میں ریفرینڈم کے بارے میں موجودہ دفعات کے استعمال سے نئے صوبوں کا راستہ تلاش کرنے کا اشارہ دے رہے ہیں۔

ون یونٹ کی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے بھی اس وقت کے وزیراعظم نے قوم کو بتایا تھا کہ یکم جنوری 1955 کو اس کا نفاذ کر دیا جائے گا۔ مگر اس راستے میں آئینی اور قانونی رکاوٹوں اور اس وقت کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث مغربی پاکستان کا قیام 14 اکتوبر 1955 کو ممکن ہوا۔
ون یونٹ کے قیام کے وقت ڈاکٹر ایوب کھوڑو سندھ کے وزیراعلیٰ اور پیر علی محمد راشدی ان کی کابینہ کے وزیر تھے۔ ان دونوں نامور سیاستدانوں نے ون یونٹ کے پس منظر، اس کے قیام کو ممکن بنانے والے کرداروں اور اس دور کی صوبائی کشمکش، سیاسی کروٹوں اور سازشوں کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔
سندھ کی معروف دانشور اور ماہر تعلیم ڈاکٹرحمیدہ کھوڑو کی اپنے والد کی سیاسی سرگزشت ’محمد ایوب کھوڑو : اے لائف آف کارج ان پالیٹکس‘ اور پیر علی محمد راشدی کی کتاب ’ون یونٹ کی تاریخ‘ میں اس کے آغاز کے حوالے سے ملتا جلتا تذکرہ موجود ہے۔
ان کے مطابق 1954 کے موسم گرما میں اس وقت کے فوجی سربراہ ایوب خان برطانیہ کے دورے کے دوران ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔ انہوں نے پاکستان کے انتظامی مسائل پر غور و فکر کے بعد سیاسی اور صوبوں کے جغرافیائی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی کے ذریعے ایک نئے نظام کا خاکہ ترتیب دیا۔ ایوب خان نے اپنی کتاب میں اس بات کا تذکرہ کیا ہے کہ مغربی پاکستان کو ایک اکائی میں بدلنے کے لیے ان کے ذہن میں تجاویز کا خاکہ موجود تھا۔
اکتوبر 1954 میں اس وقت کے گورنر جنرل غلام محمد نے دستورساز اسمبلی تحلیل کر کے وزیر اعظم محمد علی بوگرہ کی سربراہی میں نئی حکومت تشکیل دی۔ اس میں ایوب خان کو وزیر دفاع اور سکندر مرزا کو وزیر داخلہ کے طور پر شامل کیا گیا۔ پنجاب سے نامور سیاسی رہنما چوہدری محمد علی، مشتاق گورمانی اور ممتاز دولتانہ ،اس وقت کے صوبہ سرحد سے ڈاکٹر خان صاحب اور سندھ سے غلام علی تالپور حکومت کا حصہ بنے۔
جاگیردارانہ پس منظر رکھنے والے ان مصلحت پسند رہنماؤں اور بیوروکریسی کا پس منظر رکھنے والے کے عملیت پسند ٹیکنوکریٹس اور دیگر صوبوں سے سیاسی معاملات پر دست و گریبان رہنماؤں نے غلام محمد کے ساتھ مل کر ایک صوبے کی تشکیل کا منصوبہ ترتیب دیا۔

نواب مشتاق گورمانی نے 1970 میں اپنے ایک انٹرویو میں فخر یہ طور پر ون یونٹ کو اپنا تصور اور عقیدہ قرار دیا تھا۔
سندھ کے سابق وزیر اور مختلف ملکوں میں پاکستان کے سفیر رہنے والے پیر محمد علی راشدی گورنر جنرل غلام محمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملے۔ انہوں نے گورنر جنرل سے پوچھا کہ مغربی پاکستان کا صوبہ کس قانون کے تحت قائم ہوگا۔ غلام محمد کا جواب تھا کہ ’مجھے قانونی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ میں اپنے حکم سے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ کی دفعہ 290 الف کے تحت صوبوں کی حدود میں تبدیلی کر کے مغربی پاکستان کا صوبہ بنا سکتا ہوں۔‘
راشدی صاحب نے برسبیل تذکرہ سوال کیا کہ کیا اس معاملے پر صوبوں کی رائے لی گئی ہے تو گورنر جنرل کا جواب تھا: ’سکندر مرزا اور ایوب خان اس کام پر لگے ہوئے ہیں۔‘
ون یونٹ کے قانونی جواز کے لیے انوکھے الیکشن
ون یونٹ سکیم کا اعلان کرنے والے وزیر اعظم محمد علی بوگرہ کی حکومت 24 اکتوبر 1854 کو گورنر جنرل نے دستور ساز اسمبلی تحلیل کر کے ختم کر دی تھی۔ لیکن بوگرہ کو دوبارہ نئی کابینہ کے ساتھ وزیراعظم مقرر کیا گیا۔ معروف مسلم لیگی رہنما اور پاکستان کی پہلی کابینہ کے وزیر راجہ غضنفر علی خان نے اس ان ہاؤس تبدیلی پر بلیغ تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد علی بوگرا کا ’عہدہ‘ وزیراعظم کے نام پر قائم رکھا گیا ہے۔
اس وقت کے سپیکر اسمبلی مولوی تمیز الدین نے گورنر جنرل کے اقدام کی آئینی مزاحمت کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسمبلی کی کمیٹیوں کے ہونے والے اجلاسوں کو اسمبلی کی بلڈنگ میں منعقد کرنے کا بندوبست کیا۔ غضنفر علی خان کے حالات اور خیالات پر مبنی کتاب ’مارشل لاء سے مارشل لاء تک‘ میں لکھا ہے کہ اس وقت کے وزیر داخلہ سکندر مرزا کے حکم پر عمارت کو تالے لگا کر کسی بھی رکن اسمبلی کو عمارت میں داخل نہیں ہونے دیا گیا اور نہ اسمبلی کے عملے کو اندر جانے دیا گیا۔

مولوی تمیز الدین نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے گورنر جنرل کے حکم کو غیر آئینی قرار دیا۔ مگر وفاقی سپریم کورٹ کے جج منیر نے اسمبلی کی منسوخی کو تکنیکی بنیادوں پر درست قرار دیا۔ لیکن ساتھ ہی گورنر جنرل کے آئینی اختیارات پر سوال اٹھاتے ہوئے ون یونٹ کے قیام سے پہلے گورنر جنرل کے حکم نامے کی خامیوں کے سقم کو کھل کر بے نقاب کیا۔ مئی 1955 میں دستور ساز اسمبلی بنانے کا حکم دیا۔
اس وقت گورنر جنرل کے گرد موجود سیاسی اشرافیہ اور گھاگ بیوروکریسی کے کار پر درازوں نے ون یونٹ کے قانونی جواز کے لیے نئی اسمبلی کی ولادت کا بندوبست کر لیا۔
حکومت نے ون یونٹ کے منصوبے کی تکمیل کے لیے صوبائی اسمبلی کے ممبران کہ ذریعے یہ مرکزی دستور ساز اسمبلی کے ممبران کا چناؤ کروایا۔ ایک حوالے سے یہ پاکستانی تاریخ کے انوکھے الیکشن تھے جس میں کسی ایک ضلع سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے ممبران نے اپنے ہی ضلع سے رہائشی تعلق رکھنے والے امیدوار کو دستور ساز اسمبلی کے لیے ووٹ دیے۔ یوں عملاً ون یونٹ کے راستے میں حائل رکاوٹ کو بیوروکریسی کے ذریعے عبور کیا گیا۔
اس طریقہ کار کا دوسرا فائدہ یہ ہوا کہ مشرقی اور مغربی پاکستان سے گورنر جنرل اور اس کے طاقتور ہمنواؤں کی ہاں میں ہاں ملانے والے لوگوں کی اکثریت منتخب ہو کر اسمبلی میں آگئی۔
ون یونٹ کا بل نئی دستور ساز اسمبلی میں 23 اگست 1955 کو پیش ہوا۔ 30 ستمبر کو 15 کے مقابلے میں 43 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ اس دوران سکندر مرزا گورنر جنرل کے بیمار رہنے اور طویل رخصت کے باعث پہلے قائم مقام اور پانچ اکتوبر 1955 میں مستقل گورنر جنرل بن گئے۔
اس کے ایک ہفتے بعد مغربی پاکستان کے صوبوں اور ریاستوں کے وجود کو ختم کر کے مغربی پاکستان کے نام سے ایک صوبہ وجود میں آ گیا۔ جس کی حدود میں واقع لاہور اور سندھ ہائیکورٹ کو ختم کر کے مغربی پاکستان ہائیکورٹ قائم ہوا۔

آج کے حالات میں نئے صوبائی یونٹس کے جواز اور اہمیت کے دلائل میں ایک وجہ انتظامی اخراجات میں کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کو قرار دیا جا تا ہے۔ مغربی پاکستان کو صوبہ بناتے وقت کہا گیا تھا کہ تینوں صوبوں، بلوچستان، ریاستی علاقوں خیرپور اور بہاولپور اور وفاقی علاقے کراچی کہ ایک یونٹ میں انضمام سے صوبائی تعصب میں کمی آئے گی۔ ایک انتظامی یونٹ کی وجہ سے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا اور ان تمام علاقوں کے وسائل کو یکجا کر کے مغربی پاکستان صوبے کو معاشی اور سماجی ترقی کے راستے پر ڈالنے کی داغ بیل پڑے گی۔
ون یونٹ کی قانونی دستاویز مشرقی پاکستان کے رہنما نے تیار کی
ان سارے عوامل کے برعکس سیاسی تاریخ کا احوال رقم کرنے والے محققین کہ نزدیک مغربی پاکستان کو صوبہ بنانے کی بڑی وجہ مغربی حصے سے زیادہ آبادی رکھنے والے مشرقی پاکستان کو سیاسی اور اقتصادی میدان میں زیر بار رکھنا اور برابری کے اصول کے تحت آئینی اور قانونی معاملات میں اپنی مرضی مسلط کرنا تھا۔
ان وجوہات کی تاریخی حیثیت اپنی جگہ درست ہے لیکن ون یونٹ کے قیام کی قانونی اور آئینی دستاویز کی تیاری اور تدوین کا کام مشرقی پاکستان سے تعلق رکھنے والے صف اول کے سیاسی رہنما اور قانونی ماہر نے انجام دیا تھا۔
اس طرح زبان کے مسئلے پر مشرقی پاکستان کے ناراض عوام نے اسے استحصال کا حربہ قرار دے کر مخالفت میں تاریخی تحریک چلائی۔ مگر حیرت انگیز طور پر ون یونٹ کے مسئلے پر ملک کے اس حصے میں کوئی قابل ذکر احتجاج نہیں ہوا۔ اگر یہ منصوبہ صرف بنگالیوں کے سیاسی اور معاشی استحصال پر مبنی ہوتا تو وہاں کی قوم پرست قوتیں کبھی خاموش نہ بیٹھتی۔ اس خاموشی کے پیچھے مشرقی پاکستان کے جہاندیدہ رہنماؤں کی بہت ساری مصلحتیں تھیں۔
ڈاکٹر حمیدہ کھوڑو اپنے والد کی سیاسی آپ بیتی میں مشرقی پاکستان کے حوالے سے بتاتی ہیں کہ 1954 میں جگتو فرنٹ کی غیر متوقع اور ڈرامائی انتخابی کامیابی نے اس وقت کے حکمران اشرافیہ کو سوچنے پر مجبور کر دیا کہ اس کے اثرات پنجاب اور اس وقت کے صوبہ سرحد پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔ ون یونٹ یہ سیاسی لہر کا راستہ روکنے کی کوشش تھی۔
مخدوم سید حسن محمود اس دور میں ریاست بہاولپور کے وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے اپنی پاکستان کے ابتدائی دس برسوں کے سیاسی تجزیوں کا احاطہ کرتی اپنی کتاب ’اے نیشن از بارن‘ میں مشرقی پاکستان کے سیاستدانوں کی ون یونٹ کی حمایت کا ایک دوسرا نقطہ نظر بیان کیا ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ جولائی 1955 میں مری میں دستور ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران ون یونٹ کے حوالے سے پس پردہ بہت سارے معاملات طے پائے اور خفیہ طور پر بہت ساری دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔ اس میں ایک دستاویز مسلم لیگ اور مشرقی بنگال کے یونائیٹڈ فرنٹ کے درمیان زیر بحث آئی۔ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفاد کے پیش نظر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا راستہ چنا۔

اس دور میں مخلوط یا جداگانہ انتخاب والے معاملے پر مسلم لیگ مشرقی پاکستان میں جداگانہ انتخاب کی حامی تھی۔ جبکہ جگتو فرنٹ غیر مسلم آبادی کی وجہ سے مخلوط انتخاب کے حق میں تھی۔ ون یونٹ کی حمایت کے بدلے مسلم لیگ نے یونائٹڈ فرنٹ کے مطالبے سے اتفاق اور مخلوط انتخاب کی حمایت کرنے کا وعدہ کیا۔ اس کے بدلے میں یونائیٹڈ فرنٹ کے رہنماؤں نے مغربی اور مشرقی پاکستان کے درمیان برابری کا اصول مان لیا۔
بنگالی سیاست دانوں کی طرف سے ون یونٹ کی پرجوش مخالفت نہ کرنے کی دوسری وجہ یہ تھی کہ مشرقی پاکستان کے قائدین کو ملک میں دو صوبے بننے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ صوبائی خود مختاری کا لالچ دیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے فائدے کے لیے مغربی پاکستان کے چھوٹے صوبوں کی حیثیت ختم کرنے پر رد عمل کے بجائے تعاون کا راستہ اختیار کیا۔
مشرقی پاکستان کے سب سے قد آور سیاسی رہنما حسین شہید سہروردی نے دسمبر 1954 میں محمد علی بوگرہ کی حکومت میں وزیر قانون کے طور پر حلف اٹھایا۔ یہ وہ وقت تھا جب ون یونٹ کا آئینی اور قانونی مسودہ تیار ہونا تھا۔ وہ ون یونٹ کے بل کی تیاری کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ بھی بن گئے۔
سہروردی کے مجوزہ منصوبے کی حمایت کے بارے میں محمد علی راشدی گورنر جنرل سے اپنی ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ غلام محمد نے انہیں آگاہ کیا کہ ان کا بھیجا ہوا بندہ سوئٹزرلینڈ میں سہروردی سے اس بارے میں رائے لینے گیا تھا۔ ’وہ ملک واپس آ کر وزیر قانون بنیں گے اور اپنے ہاتھوں سے ون یونٹ کا مسودہ تیار کریں گے۔‘
چند ماہ بعد جب بوگرہ کی جگہ چودھری محمد علی وزیراعظم بنے تو سہروردی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔ اس سمجھوتے کے مطابق وہ وزیراعظم نہ بنائے جانے پر صبر و تحمل سے بیٹھے رہے اور مرکزی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بن گئے۔
حسین شہید سہروردی نے اسمبلی میں ایک طویل تقریر میں ون یونٹ کے بارے میں اپنے خدشات و تحفظات بیان کیے جس کی وجہ انہوں نے بدلے ہوئے حالات کو قرار دیا۔ ون یونٹ کے حامی ڈاکٹر ایوب کھوڑو نے جوابی طور پر ان سے بھی طویل تقریر میں سہروردی کو ون یونٹ کا ڈرافٹ تیار کرنے کا طعنہ دیتے ہوئے بدلتے حالات کا مطلب وزارت عظمی کا نہ ملنا قرار دیا۔
سیاست کی ستم ظریفی دیکھیے کے آنے والے برسوں میں حسین شہید سہروردی پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر اسمبلی کے فلور پر اینٹی ون یونٹ فرنٹ کی تحریک کے خلاف ون یونٹ کے تحفظ کا اعلان کر رہے تھے۔ دوسری جانب اسی اسمبلی میں پانچ گھنٹے کی طویل تقریر میں ون یونٹ کا دفاع کرنے والے ایوب کھوڑو اینٹی ون یونٹ تحریک کہ بانی کے طور پر اس کے خاتمے کی مہم چلا رہے تھے۔

صوبائی شناخت کے خاتمے پر صوبوں کا ردعمل کیا تھا؟
ون یونٹ کے اعلان سے قبل 8 نومبر 1954 کو سندھ کے وزیر اعلیٰ عبدالستار پیرزادہ کی حکومت ختم کر دی گئی۔ ان کی جگہ ایوب کھوڑو نے ایک بار پھر وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا۔ اس سے قبل وہ بدعنوانی کے الزام میں جیل جا چکے تھے اور ان پر ایبڈو کے قانون کے تحت سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد تھی۔
ون یونٹ کا نعرہ سامنے آتے ہی گورنر جنرل نے ایک حکم نامے کے ذریعے ان کی سزامعاف کر کے انھیں سندھ کی وزارت اعلیٰ کا منصب سونپ دیا۔
پیر علی محمد راشدی کے مطابق انہوں نے ایوب کھوڑو کے ساتھ مل کر مرکزی حکومت سے ون یونٹ کی حمایت کے بدلے صوبہ سندھ کے حقوق کے تحفظ پر مبنی مطالبات کی شرائط تسلیم کروا لیں۔ جن میں سندھ کو اقتصادی وسائل پر ان کا حق، سرکاری نوکریوں میں سندھیوں کو ترجیح دینے، سندھ کی اراضی اسی صوبے کے لوگوں کو دینے، دریائے سندھ کے پانی سے سندھ کو حق دینے اور سندھی ثقافت اور زبان کی حفاظت کی یقین دہانی شامل تھی۔
لاہور کی لمز یونیورسٹی میں سیاسیات کی استاد اور پاکستان کی سیاسی اور آئینی تاریخ کی محقق ڈاکٹر عاصمہ فیض اپنی کتاب ’ان دی سرچ آف لاسٹ گلوری‘ میں لکھتی ہیں کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ عبدالستار پیرزادہ کو اسمبلی میں اکثریت حاصل تھی مگر انہیں ون یونٹ کی مخالفت کی وجہ سے وزارت اعلیٰ سے ہٹایا گیا۔ عبدالستار پیرزادہ نے خود بھی وزارت اعلیٰ سے برطرفی کی وجوہات ون یونٹ کی مخالفت کو قرار دیا تھا۔
اس حقیقت کے باوجود ان کے سیاسی کردار کا تضاد اور مصلحت آمیز پالیسی اس وقت عیاں ہوئی جب انھوں نے مغربی پاکستان صوبے کی اسی کابینہ میں وزیر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی جس کی مخالفت کے متاثر کے طور پر وہ اپنے آپ کو پیش کرتے تھے۔
ون یونٹ کی تاریخ کے مصنف پیر محمد علی راشدی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ عبدالستار پیرزادہ کو ون یونٹ کی مخالفت پر برطرف کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق ان کی برطرفی گورنر جنرل غلام محمد اور وزیراعظم محمد علی بوگرہ کی سیاسی اور قانونی کشمکش اور لڑائی میں وزیراعظم کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہوئی۔ وہ یہ دلیل بھی دیتے ہیں کہ اگر انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا تو ون یونٹ کے سب سے بڑے حمایتیوں اس دور کے صوبہ سرحد کے وزیراعلی عبدالرشید اور ریاست بہاولپور کے وزیراعظم حسن محمود کی حکومتیں بھی گورنر جنرل اور وزیراعظم کی آئینی اور قانونی اختیارات کی جنگ کی وجہ سے ختم ہوئی۔

ون یونٹ کے منصوبے کی سب سے پہلے اور غیر مشروط حمایت اس وقت کے صوبہ سرحد کے وزیراعلی سردار عبدالرشید نے کی تھی۔ صوبے کی اسمبلی نے 25 نومبر 1954 کو متفقہ طور پر ون یونٹ کے حمایت میں قرارداد منظور کی۔
صوبہ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ایوب کھوڑو بتاتے ہیں کہ نومبر میں وزیراعظم نے مرکزی کابینہ اور صوبائی وزرائے اعلی کا اجلاس بلایا۔ شرکا کو کہا گیا کہ وہ اپنے صوبوں میں اس سکیم کی حمایت میں قرارداد منظور کروائیں ۔اس وقت کہ صوبہ سرحد کے وزیر اعلیٰ نے رضاکارانہ آمادگی دکھائی ۔ اسی طرح ریاست بہاولپور اور خیرپور کے نمائندوں اور بلوچستان کے ایجنٹ ٹو گورنر جنرل سردار بہادر خان نے بھی مجوزہ منصوبے کی حمایت کی یقین دہانی دی۔
ون یونٹ کے مخالفین کا تاثر تھا کہ یہ سکیم پنجابی سیاست دانوں اور بیوروکریسی کا باقی صوبوں کے وسائل پر قبضے کا منصوبہ تھا۔ لیکن اس میٹنگ میں پنجاب کے وزیراعلی فیروز خان نون کا جواب غیر متوقع اور عمومی تاثر کے برعکس تھا۔ ایوب کھوڑوں کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ نے اعتراض کیا کہ اس سکیم کی حمایت کی وجہ سے پنجاب کی بدنامی ہوگی۔ لوگ اسے گریٹر پنجاب کے منصوبے کی طرف پیش قدمی کا حصہ سمجھیں گے۔
اسی سبب ون یونٹ کے سب سے بڑے حمایتی ممتاز دولتانہ کو فیروز خان نون کی جگہ صوبے کی وزارت اعلیٰ سے نوازا گیا۔ 29 نومبر 1954 کو پنجاب کی صوبائی اسمبلی نے بھی مغربی پاکستان صوبہ بننے کی تائید کی قرارداد منظور کی۔
سندھ کے کن نمائندوں نے ون یونٹ کی مخالفت کی؟
11 دسمبر 1954 کو صوبہ سندھ کی اسمبلی نے بھی بھاری اکثریت سے مغربی پاکستان کے صوبوں کی علیحدہ حیثیت ختم کر کے انہیں ایک یونٹ میں ضم کرنے کی قرارداد سے اتفاق کی کر لیا۔
ملک میں نئے صوبوں کی بحث کے آغاز کے بعد سندھ کی حکومتی شخصیات اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے صوبے کے تشخص کی حفاظت اور اس کی تقسیم کا راستہ روکنے کہ اعلانات اور دعوے کیے۔ صوبائی اسمبلی نے مجوزہ منصوبے کے خلاف قرارداد کی صورت میں اپنے خدشات اور اختلافی ارا کا اظہار بھی کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبے کی تقسیم سے پیدا ہونے والے انتشار کا امکان ظاہر کر کے اس بحث کی حدت میں اضافہ کردیا۔

سات دہائیاں قبل پاکستان کے صوبوں کی جغرافیائی حدود اور سیاسی وجود میں آنے والی تبدیلی کے موقع پر سندھ کی مخالفت کو آج کچھ حلقوں کی جانب سے ایک حوالے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ ساتھ میں ون یونٹ کی مثال دے کر اس کی خرابیوں اور نقصانات کا موازنہ بھی کیا جاتا ہے۔ مگر اس حقیقت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ 11 دسمبر کو جب صوبائی اسمبلی میں اس مسئلے پر رائے لی گئی تو 110 کے ایوان میں 102 ممبران اسمبلی ہال میں موجود تھے۔ جن میں سے 98 اراکین نے ون یونٹ کی حمایت میں ووٹ دیا تھا۔
تقسیم ہند سے قبل اور بعد میں سندھ کی سیاست میں سرگرم رہنے والے پیر محمد علی راشدی لکھتے ہیں کہ اس قرارداد کی منظوری سے ایک سال قبل چار دسمبر کو سندھ کے با اثر ترین سیاست دانوں قاضی فضل اللہ، میر غلام علی خان، طالب المولی، پیر الہی بخش اور عبدالحمید جتوئی اور ان کے زیر اثر 47 ممبران صوبائی اسمبلی نے ون یونٹ کی حمایت پر مبنی اعلانات اس دور کے اخبارات میں شائع کروائے تھے۔
اسی طرح ون یونٹ کے پہلے تین برسوں میں سندھ سے تعلق رکھنے والے پیرزادہ عبدالستار، قاضی فضل اللہ، میر علی احمد تالپور، آغا غلام نبی، نجم الدین سروال اور میر علی نواز خان مختلف اوقات میں نئے یونٹ کے تحت بننے والے مغربی پاکستان صوبے کی کابینہ میں وزیر کے عہدے پر فائز رہے۔
سندھ کے مرد آہن کھلانے والے ڈاکٹر ایوب کھوڑو نے اس موقع پر درمیانہ راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے سندھ کی رضامندی کو دوسرے صوبوں کی حمایت سے مشروط کر دیا۔ ان کی زندگی پر لکھی گئی کتاب اور علی محمد راشدی کی ون یونٹ کی تاریخ کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ سندھ کے سیاست دانوں نے ٹکراؤ کے بجائے مصلحت اور مشروط حمایت کا راستہ نکالا۔ ان کی دلیل یہ تھی کہ جب باقی سارا ملک اس سکیم کو اختیار کرنے پر رضامند ہے تو ہمیں مرکزی حکومت سے ٹکراؤ اور تصادم کی پالیسی کی نسبت اپنے حقوق کی ضمانت کی یقین دہانی کے عوض اس کی حمایت کرنی چاہیے۔
ون یونٹ کے خلاف بغاوت اور ری پبلیکن پارٹی کا قیام
طویل سیاسی اور قانونی الجھنوں کے بعد ون یونٹ بند تو گیا مگر نیا انتظام آغاز سے ہی متنازع ہو گیا۔ اس کے خلاف سب سے پہلی باغیانہ آواز اس وقت کے صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ عبدالرشید نے بلند کی۔

ان کی اختلافی روش کی وجوہات میں اصولی سے زیادہ ذاتی وجوہات کا دخل تھا۔ ون یونٹ کی تشکیل اور ہیت کے پلان میں یہ طے ہوا تھا کہ مغربی پاکستان کا پہلا وزیراعلیٰ اس وقت کے صوبہ سرحد سے ہوگا۔ ایبٹ آباد کو مغربی پاکستان کا دارالحکومت بنایا جائے گا۔ ابتدائی 10 برسوں تک صوبائی کابینہ میں پنجاب کا حصہ 40 فیصد اور باقی صوبوں کا 60 پرسنٹ ہوگا۔
ڈاکٹر ایوب کھوڑو کے مطابق چوہدری محمد علی اور نواب مشتاق گورمانی عبدالرشید کو نئے صوبے کا پہلا وزیراعلیٰ بنوانا چاہتے تھے۔ اس موقع پر گورنر جنرل سکندر مرزا آڑے آئے اور انہوں نے درینہ شناسائی اور تعلق کی بنیاد پر ڈاکٹر خان صاحب کو اس منصب کے لیے چن لیا۔
’سکندر مرزا :پاکستان فرسٹ الیکٹڈ پریزیڈنٹ‘ کے مصنف سید کاشف مہدی نے ڈاکٹر خان صاحب کی نامزدگی کے بارے میں سکندر مرزا کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس وقت ڈاکٹر خان صاحب کے بھائی باچا خان جی ایم سید کے ساتھ مل کر ون یونٹ کے خلاف تحریک چلا رہے تھے۔ ان حالات میں پشتونوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری تھا کہ ان میں سے وزیراعلیٰ لایا جائے اور یہ شخصیت ڈاکٹر خان صاحب کی تھی۔
ایوب کھوڑو کے خیال میں سکندر مرزا نے ڈاکٹر خان صاحب کو پرانی دوستی کا صلہ دیا تھا۔
ایبٹ آباد کے بجائے لاہور کو مغربی پاکستان کا دارالحکومت بنانے کو بھی عبدالرشید نے وعدہ خلافی قرار دیا۔ ان کے باغیانہ خیالات کی وجہ سے صوبے کے گورنر قربان علی خان کو کہا گیا کہ وہ اپنے اختیارات کے تحت صوبائی حکومت ختم کر کے گورنر راج لگا دیں۔
انہی سردار عبدالرشید سے منسوب کیا جاتا ہے کہ انہوں نے ممتاز دولتانہ سے ون یونٹ کے جواز کے بارے میں سوالات کیے تو انہیں ایک دستاویز پڑھنے کو دی گئی۔ لاہور سے ٹرین کے ذریعے پشاور جاتے ہوئے اس دستاویز میں درج وجوہات پڑھنے کے بعد عبدالرشید نے اسے گریٹر پنجاب کا منصوبہ قرار دیا جس کا مقصد چھوٹے صوبوں کا استحصال تھا۔
یہ سچائی اور ون یونٹ کی حقیقت جاننے کے باوجود سردار عبدالرشید انے والے برسوں میں ڈاکٹر خان صاحب کی جگہ مغربی پاکستان کے وزیراعلیٰ بھی بن گئے۔

ڈاکٹر خان صاحب نے مشکل سے چھ ماہ پورے کیے تھے کہ مغربی پاکستان اسمبلی کی سب سے بڑی پارلیمانی پارٹی مسلم لیگ نے اپنے کنونشن میں ایک ایسا سیاسی فیصلہ کیا جس نے نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ گورنر جنرل سکندر مرزا پاکستان کے انتظام جموں و کشمیر کے دورے پر تھے کہ ڈاکٹر خان صاحب نے ہنگامی کال کر کے انہیں مطلع کیا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفی دینے کا سوچ رہے ہیں۔
سکندر مرزا کے مطابق وہ دورہ ادھورا چھوڑ کر فوراً لاہور پہنچے اور وزیراعلیٰ کو مسلم لیگ کی مخالفت سے نمٹنے کا نسخہ بتا کر کراچی کے لیے روانہ ہو گئے۔
اس دور میں مسلم لیگ کے صدر عبدالرب نشتر نے لاہور میں پارٹی کنونشن بلایا جس میں مغربی پاکستان کے وزیراعلیٰ کے لیے ڈاکٹر خان صاحب کی حمایت یا مسلم لیگ کے نامزد کردہ کسی اور شخص کو وزیراعلی بنانے کی تجویز پر بحث ہوئی۔ اکثریت نے ڈاکٹر خان صاحب کے بجائے سردار بہادر خان کو وزیراعلیٰ کے لیے امیدوار نامزد کرنے کی حمایت کی۔
جب اس کنونشن کی کاروائی وزیراعلیٰ کے علم میں آئی تو انہوں نے سکندر مرزا سے مدد مانگی۔ سیاسی خیالوں کے ماہر گورنر جنرل نے انہیں اپنی الگ پارٹی بنانے کا راستہ دکھایا۔ یوں چند دنوں بعد پاکستان کی تاریخ کی ایک سیاسی انہونی ایک نئی سیاسی جماعت ری پبلکن پارٹی کے قیام کی صورت میں سامنے آئی۔
اس نوزائیدہ جماعت کا حیرت ناک پہلو یہ تھا کہ اپنے قیام کے وقت ہی اسے مرکز اور مغربی پاکستان کی صوبائی اسمبلی میں اکثریت حاصل ہو گئی۔ مسلم لیگ کے اراکین مرکزی اور صوبائی اسمبلی راتوں رات اس کا حصہ بن گئے۔
پیر محمد علی راشدی کے مطابق سندھ کے سابق وزیراعلیٰ پیرزادہ عبدالستار اور قاضی فضل اللہ مسلم لیگ کے کنونشن میں ڈاکٹر خان صاحب کی مخالفت میں پیش پیش تھے۔ مگر چند دنوں بعد دونوں ری پبلیکن پارٹی میں شامل ہو کر مغربی پاکستان کی کابینہ کی رکنیت کا حلف اٹھا رہے تھے۔
یوں مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی اکثریت نئے سیاسی وفاداری بدل کر ون یونٹ کی مجاور جماعت ری پبلیکن پارٹی کے آشیانہ پر بسیرا کیا تو اس کے بچے کھچے رہنماؤں نے ڈاکٹر خان صاحب سے بدلہ لینے کے لیے مغربی پاکستان اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے جی ایم سید گروپ سے ہاتھ ملا لیا۔

ون یونٹ کے خالق اس کے خاتمے کے در پے ہو گئے
مخدوم حسن محمود کے مطابق 18 مارچ 1957 کو مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل قاضی عیسیٰ نے تحریری طور پر جی ایم سید کو بتایا کہ مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی نے ون یونٹ سکیم سے رجوع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسی طرح مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر سردار بہادر خان نے بھی نیب کے رہنماؤں کے ساتھ تحریری تبادلہ خیال میں اس بات کا اعلان کیا کہ ان کی جماعت ون یونٹ کی تحلیل کی حمایت کرے گی۔
ون یونٹ کی خالق جماعت کی طرف سے اس کے وجود کی حمایت سے دستبرداری نے سیاسی بے یقینی اور پارلیمانی بے چینی کو بڑھاوا دیا۔ اس کا نتیجہ مرکزی حکومت میں وزرائے اعظم کے پے در پہ تبدیلی کی صورت میں نکلا۔ سیاسی جماعتوں اور لیڈوں کے درمیان بنتے ٹوٹتے سیاسی اتحاد اور معاہدوں نے ون یونٹ کے وجود پر بے یقینی کا سایہ کر دیا۔
ون یونٹ کے سارے تصور کو سب سے بڑا جھٹکا اس کی اپنی مجاور یعنی ریپبلکن پارٹی نے دیا۔
مرکز اور مغربی پاکستان میں مسلم لیگ اور ریپبلکن پارٹی میں ٹھنی ہوئی تھی۔ جس کے نتیجے میں مسلم لیگ اب مغربی حصے کے چھوٹے صوبوں کے حقوق کا نعرہ بلند کرنے لگی تھی۔ ان حالات میں ریپبلکن پارٹی نے اپنی سیاست بچانے کے لیے اس معاملے میں ایک قرارداد لانے کا فیصلہ کیا۔
حسن محمود ریپبلکن پارٹی کے مرکزی قائدین میں شامل تھے۔ وہ لکھتے ہیں کہ 15 ستمبر 1957 کو ریپبلکن پارٹی اور نیشنل عوامی پارٹی کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔ جس کی روح سے مغربی پاکستان کی نئی تقسیم کے مطالبے پر مبنی ایک قرارداد کا مسودہ تیار کیا گیا۔
اس پلان کو زونل فیڈریشن کا نام دیا گیا جس میں شامل صوبے اندرونی خود مختاری رکھتے ہوں۔ اس قرارداد پر دستخط کرنے والوں میں اس وقت مغربی پاکستان صوبے کے وزیراعلی سردار عبدالرشید سمیت ون یونٹ کے حامی کئی رہنما شامل تھے۔ مغربی پاکستان صوبے کے 305 ممبران اسمبلی پر مشتمل ایوان میں یہ قرارداد چار کے مقابلے میں 170 ووٹوں سے منظور ہوئی۔ رائے شماری میں حصہ نہ لینے والے 121 ممبران میں سے اکثریت کا تعلق مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے تھا۔
ون یونٹ کا خاتمہ کس نے کیا؟

دوسری جانب ڈاکٹر ایوب کھوڑو مغربی پاکستان کابینہ سے فراغت کے بعد جی ایم سید کے ساتھ مل کر اینٹی ون یونٹ فرنٹ قائم کر چکے تھے ۔ مگر ایک بار پھر کھوڑو تو سمجھ میں نہ انے والا سیاسی کردار اس وقت تنقید اور فولاد کی زد میں اگیا جب انہوں نے مرکزی اسمبلی وزیر دفاع کا منصب سنبھال لیا ۔ یوں ایک ہی وقت میں وہ ون یونٹ کے خلاف تحریک حامی بھی تھے اور مرکزی حکومت میں وزارت کا عہدہ بھی رکھتے تھے۔ علی محمد راشدی کے خیال میں یہ سب کچھ سکندر مرزا کی چالوں اور طے شدہ منصوبوں کے مطابق تھا۔
سکندر مرزا نے جب ریپبلکن پارٹی کے ممبران کے بدلتے ہوئے تیور دیکھے تو انہوں نے ون یونٹ سکیم میں طے شدہ امور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے اپنے درینہ دوست نواب مظفرقزلباش کو عبدالرشید کی جگہ مغربی صوبے کا وزیراعلیٰ بنوا دیا۔
یہ ساری کہانی میں ایک کردار خاموشی سے مرکز اور مغربی پاکستان میں بنتی بگڑتی حکومتوں اور سیاسی سازشوں پر نظر جمائے ہوئے تھا۔ ون یونٹ کے خلاف تحریک میں شدت آئی تو بقول ایوب کھوڑو ایوب خان نے اس کے دفاع کا عزم کرتے ہوئے نعرہ لگایا ’میں دیکھتا ہوں کہ ون یونٹ کون توڑتا ہے؟‘
اور پھر یکم جولائی 1970 کو ایل ایف او کے ذریعے ون یونٹ کا خاتمہ کر دیا گیا۔ توڑنے والے یہی خان اس سے پہلے صدر ایوب سے اقتدار چھین چکے تھے۔
صوبہ سندھ میں 1970 کے انتخابات ون یونٹ کی حمایت اور مخالفت کے مسئلے پر لڑے گئے۔ ڈاکٹر ایوب کھوڑو لاڑکانہ سے ذوالفقار علی بھٹو کے مد مقابل تھے۔ بھٹو نے اپنی تقریروں میں انہیں ون یونٹ کا حمایتی قرار دیا۔ یوں سندھ کے مرد آہن کہلانے والے ایوب کھوڑو کا سیاسی مستقبل ون یونٹ کی نظر ہو گیا اور وہ الیکشن بری طرح ہار گئے۔ سندھ کی سیاست کے دوسرے اہم کردار پیر علی محمد راشدی بھی الیکشن میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان دونوں شخصیات کی ناکامی کا ذمہ دار ون یونٹ کی حمایت کو قرار دیا جا سکتا ہے۔
مگر اس ون یونٹ کی کہانی کے ایک اور کردار جو اس کی مخالفت میں پیش پیش تھے وہ بھی ان انتخابات میں شکست سے دوچار ہو گئے۔ جی ایم سید کی انتخابی ناکامی اس معاملے کا ایک اور پہلو واضح کرتی ہے کہ سیاسی حمایت اور انتخابی نتائج بعض اوقات بازار نظر آنے والی سیاسی فضا سے ہٹ کر بھی ہو سکتے ہیں۔
ون یونٹ کے خاتمے کے بعد بلوچستان کو بھی صوبے کا درجہ دے دیا گیا۔ ریاست بہاولپور پنجاب میں اور خیرپور سندھ میں ضم ہو گئی۔ آج کے پاکستان میں ان چار صوبوں کی انتظامی تقسیم کے معاملے پر بحث و مباحثہ نے سیاسی ماحول کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ ایسے میں ون یونٹ سے جڑے سیاسی تصورات اور تاریخی حقیقتیں اس سارے معاملے کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔












