Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ق لیگ نے ساتھ دیا، الیکشن میں اتحاد کر رہے ہیں: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’کوئی صحیح آرمی چیف ہوتا تو ہم ملک میں صفائی کر دیتے۔‘ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پیشگوئی کرتے ہیں کہ عام انتخابات مارچ یا اپریل میں ہو جائیں گے۔
سنیچر کو لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگلے الیکشن میں ق لیگ کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان پیر کو قومی اسمبلی میں استعفوں کی تصدیق کے لیے جائیں گے۔
’اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔ حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اُن سے زیادہ بیرونی دورے کیے۔ ’اگر وہ اپنے پیسے پر دورے کر رہے ہیں تو کیا بلاول کے یہ نجی دورے ہیں؟‘
سیاسی جماعتوں کو غیر ملکی فنڈنگ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس فنڈنگ کی کوئی رسید نہیں، ہمارے پاس 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا بیس موجود ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا سب جماعتوں کا اکٹھا کیس چلے، لیکن الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ سے کنٹرولڈ ہے۔‘
سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی۔ آخری ایک سال میں پتہ چلا جنرل ریٹائرڈ باجوہ احتساب چاہتے ہی نہیں، جنرل باجوہ سمجھتے رہے پی ٹی آئی کا عروج کم ہو گا لیکن ہوا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’کوئی صحیح آرمی چیف ہوتا تو ہم ملک میں صفائی کر دیتے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین اپنی لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں اور اراکین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

شیئر: