Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا اینوڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کے دوسری ملازمہ سے بھی قریبی تعلقات تھے؟

جینسن ہوانگ نے 8 نومبر کو ایک بیان میں غیر ازدواجی تعلق کا اعتراف کیا تھا۔(فوٹو:اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینوڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے کمپنی کی ایک دوسری ملازمہ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات کا انکشاف ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق معاملے سے واقف دو افراد نے بتایا کہ جینسن ہوانگ کے ایک اور خاتون ملازمہ کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، تاہم خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جینسن ہوانگ جمعرات کو عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل ان کے دو دیگر خواتین کے ساتھ شادی سے باہر تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ان میں ایک ایلس ہوانگ ہیں، جن پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کو چین کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ ہے، جبکہ دوسری اینوڈیا کی نائب صدر برائے ہیلتھ کیئر کمبرلی پاول ہیں۔
جینسن ہوانگ نے 8 نومبر کو ایک بیان میں غیر ازدواجی تعلق کا اعتراف کیا تھا، تاہم خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
اینوڈیا نے تازہ انکشاف پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، جبکہ جینسن ہوانگ اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی اس حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران اینوڈیا کے حصص کی قیمت میں 5.5 فیصد کمی ہوئی۔ (فوٹو:اے ایف پی)

ان کی علیحدگی کے بعد اینوڈیا کے بورڈ نے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او مقرر کر دیا ہے اور مستقل سربراہ کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب رواں ماہ کے آغاز میں کمپنی کے بورڈ نے بیرونی قانونی مشیروں کی مدد سے تحقیقات شروع کی تھیں، جن کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ آیا جینسن ہوانگ کو کسی غیر ملکی انٹیلی جنس آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔
جینسن ہوانگ نے مصنوعی ذہانت کی صنعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کی قیادت میں اینوڈیا نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنیوں اور مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریز کی مالی معاونت سمیت مختلف انتظامات کے ذریعے اپنی چپس کی فروخت کو فروغ دیا۔
جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران اینوڈیا کے حصص کی قیمت میں 5.5 فیصد کمی ہوئی، جبکہ اکتوبر کے آغاز میں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سے ان کی قدر میں 30 فیصد سے زیادہ کمی آ چکی ہے۔
 

شیئر: