’عربی زبان کے فروغ میں سعودی عرب کا کردار قابل تعریف‘
کنگ خالد یونیورسٹی میں عربی کا عالمی دن منانے کےلیے تقریب کا اہتمام کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ خالد یونیورسٹی اور کنگ سلمان گلوبل اکیڈمی فارعربی لینگوئج کے اشتراک سے حالیہ دنوں عربی زبان کا عالمی دن منانے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تقریب کے دوران کی گئی ایک تقریر میں کنگ خالد یونیورسٹی کے صدر فالح بن رجا اللہ السلمی نے عربی زبان کی اہمیت کے پیش نظر مملکت کی کوششوں کی تعریف کی جس نے اسے مملکت کے وژن 2030 کی بنیاد میں سے ایک بنا دیا۔
انہوں نے کنگ سلمان گلوبل اکیڈمی فارعربی لینگوئج کے کردار اور نمایاں کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ’کنگ خالد یونیورسٹی قومی نظام کا حصہ ہے جوعربی زبان کی دیکھ بھال، اس کی خدمت اور ترقی کے لیے سخت محنت کرتی ہے‘۔
کنگ خالد یونیورسٹی کے صدر فالح بن رجا اللہ السلمی نے واضح کیا کہ’ یونیورسٹی میں عربی زبان کے بہت سے شعبے ہیں جو عرب دنیا اورعالمی سطح پر قابل احترام ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یونیورسٹی میں غیرعربی بولنے والوں کے لیے عربی زبان کی تدریس کا ایک یونٹ شامل ہے جس میں 75 ممالک کے 400 سے زائد طلبا داخلہ لے رہے ہیں۔ آن لائن عربی زبان سیکھنے کے پلیٹ فارم کے علاوہ اورایک ترجمہ یونٹ جو عربی زبان کی خدمت بھی کرتا ہے‘۔