Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خاموشی سے محنت کیجیے اور کامیابی کو بولنے دیجیے،‘ سرفراز کی واپسی

سرفراز احمد نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیسٹ ٹیم میں تین سال بعد واپسی ہوئی ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔
سرفراز احمد اس سے قبل 49 میچ کھیل چکے ہیں اور یہ ان کے کیریئر کا 50 واں ٹیسٹ میچ جبکہ پاکستان کی سرزمین پر یہ ان کے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔
سرفراز نے اس سے قبل اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انہوں نے وکٹ کے پیچھے 10 کیچ پکڑنے کے ساتھ ایک نصف سینچری بھی سکور کی تھی۔
سرفراز احمد کی جگہ ٹیم میں آنے والے محمد رضوان انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیزیز میں قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے اور یہی وجہ بنی سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی کی۔ انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں 394 رنز بنائے تھے۔
ان کی ٹیم میں واپسی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
سپورٹس جرنلسٹ مزمل آصف نے سرفراز احمد کی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’خاموشی سے محنت کیجیے اور اپنی کامیابی کو بولنے دیجیے۔‘
فرید خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سرفراز احمد پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ کے وہ دوسرے وکٹ کیپر ہیں جو 35 برس کی عمر میں ٹیسٹ ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل وسیم باری 35 سال کی عمر کے بعد پاکستان کے لیے آٹھ ٹیسٹ میچ کھیل چکے تھے۔
واضح رہے اس سے قبل سرفراز احمد اپنے کیریئر میں 49 ٹیسٹ میچوں میں تین سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی مدد اور 36.39 کی اوسط سے 2657 رنز بنا چکے ہیں۔

شیئر: