Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میلہ لگا ہوا چھڈ جانڑا چایئے دا‘، پی ٹی وی میں واپسی کے بعد عشرت فاطمہ کے خبرنامے پر تبصرے

پاکستان کی معروف اور سینیئر نیوز اینکر عشرت فاطمہ نے ایک طویل وقفے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کو دوبارہ جوائن کر لیا ہے۔
پی ٹی وی نیوز کی جانب سے حال ہی میں ان کا پہلا نیوز بلیٹن نشر کیا گیا، جس میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں باقاعدہ خوش آمدید کہا گیا۔
پی ٹی وی کے اس خبرنامے کے آغاز پر نیوز اینکر زبیر احمد صدیقی نے عشرت فاطمہ کا خصوصی انداز میں تعارف کروایا۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کی ذاتی خوش قسمتی ہے بلکہ پاکستان ٹیلی ویژن کی خوش قسمتی بھی ہے کہ ان کے ساتھ ان کی استاد، بڑی بہن اور اس شعبے میں پی ٹی وی کی ایک بڑی پہچان عشرت فاطمہ موجود ہیں۔
صغیر احمد صدیقی نے عشرت فاطمہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ ایک بار پھر ان کے ساتھ سکرین شیئر کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
اس موقع پر عشرت فاطمہ نے ناظرین اور سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام دیکھنے اور سننے والوں کی محبتوں کی بے حد مشکور ہیں۔

بعد ازاں صغیر احمد صدیقی نے کہا کہ عشرت فاطمہ کی آواز کئی دہائیوں سے ناظرین کے ذہنوں، سوچ اور زندگی کا حصہ رہی ہے اور اب پاکستان ٹیلی ویژن کے جونیئر اینکرز اور سٹاف کو ان کی رہنمائی اور تجربے سے فائدہ حاصل ہو گا، جس سے ادارے کی صحافتی وراثت مزید مضبوط ہو گی۔
اس پر عشرت فاطمہ نے کہا کہ وہ کہے گئے خوبصورت الفاظ پر شکر گزار  ہیں اور لوگوں کی محبتوں کی مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خبریں پڑھنا ان کا شوق، جذبہ  ہے اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ایک بار پھر اسی سکرین کے ذریعے ناظرین سے مخاطب ہونے کا موقع ملا۔
خبرنامے کے دوران صغیر احمد صدیقی نے یہ بھی بتایا کہ عشرت فاطمہ کا کیریئر تقریباً 40 سے 45 برسوں پر محیط ہے، اور آج کے بلیٹن کی پہلی ہیڈلائن پیش کرنے کا لمحہ دونوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی پی ٹی وی کی اس پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے عشرت فاطمہ کو دوبارہ پی ٹی وی میں خوش آمدید کہا اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔
جہاں انہیں حکومت اور پی ٹی وی کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا وہیں خبرنامے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل بھی سامنے آیا۔
عاصم خان نے لکھا 'عشرت فاطمہ صاحبہ بے شک ایک عظیم استاد ایک اچھے اخلاق کی مالک ہیں. لیکن معذرت کے ساتھ ایک سرکاری ملازم کی ریٹائرمنٹ عمر کی حد ہوتی ہے گزارش ہے اب نئے آنے والے کسی بہن بھائی کو موقعہ دیں۔ میرے استاد کہا کرتے تھے میلہ لگا ہوا چھڈ جانڑا چایئے دا اسی میں عزت ہے۔'

ایک اور صارف نے کہا کہ 'تاحیات نیوز اینکر'۔

جہاں کچھ نے تنقید کی تو کچھ صارفین عشرت فاطمہ کے لیے خوش بھی نظر آئے۔ اویس باجوہ نے لکھا 'ان کی آواز مجھے میرے بچپن میں واپس لے گئی، واہ کیا یادگار ہے۔'

واضح رہے یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان سے اپنی 45 سالہ طویل وابستگی کا اختتام کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان میں اپنا آخری خبرنامہ پڑھنے کے بعد اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ انہیں احساس دلایا گیا کہ ان کی ضرورت نہیں رہی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عشرت فاطمہ کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی تھی اور پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور مینٹور دوبارہ خدمات انجام دینے کی پیشکش کی تھی، جسے اب انہوں نے قبول کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ عشرت فاطمہ پاکستان کے نشریاتی شعبے کا ایک بڑا نام ہیں اور انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس اور تمغۂ امتیاز جیسے اعلیٰ اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

 

شیئر: