Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی، بھتہ خوری کا فتنہ پھر سے جنم لے رہا ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کچلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں اور ہفتوں میں دہشت گردی کے واقعات نے دوبارہ جنم لیا ہے، اس ناسور کو کچلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے آئندہ دو تین دنوں میں ایک جامع اجلاس بلا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے حراستی مرکز میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر فوج، ایس ایس جی اور پولیس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جبکہ اس واقعے میں جن سکیورٹی اہلکاروں کی جان گئی ان ہیروز کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومتیں، وفاق اور تمام ادارے مل کر تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس کی بیخ کنی کرنا ہو گی تاکہ پاکستان میں دوبارہ امن لوٹ آئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی سال امن رہنے کے بعد ’بھتہ خوری، رات کو لوگوں کو تنگ کرنا اور یرغمال بنانے کا فتنہ دوبارہ سے جنم لے رہا ہے۔ اس کا خاتمہ ہوگا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا اور ترقیاتی منصوبوں کو سردخانے میں ڈال دیا۔
’مجھے بھی اس قدر اندازہ نہیں تھا کہ معیشت کس قدر تباہ ہو چکی ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے چین سمیت دیگر برادر ملکوں کے سربراہوں کو اس قدر ناراض کر دیا تھا کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں ابھی تک صرف برف پگھلی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دوست ملک کی جانب سے تحفے میں دی گئی گھڑی بیچ کر عمران خان نے پاکستانی کی بےتوقیری کی ہے، یہ گھڑی انہیں نہیں بلکہ عوام کو تحفے میں دی گئی تھی۔
وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں نیا ایئر پورٹ اور ڈی آئی خان ژوب موٹر وے کی تعمیر کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔

شیئر: