Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان پر حملہ کرنے والے ایک سے زائد تھے: عمر سرفراز چیمہ

وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر فائرنگ ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعلٰی پنجاب کے مشیر داخلہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کے وقت ایک سے زیادہ حملہ آور موجود تھے۔
پیر کو لاہور میں پنجاب کے وزیراعلٰی کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا صرف ملزم نوید نہیں تھا بلکہ اور بھی اس میں شامل تھے۔
اپریل میں حکومت کی برطرفی کے بعد عمران خان نے لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اعلان کیا تھا۔ عمران خان کا مطالبہ تھا کہ انتخابات کرائے جائیں۔
تاہم تین نومبر کو وزیر آباد میں لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس میں عمران خان سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے عمران خان پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو گرفتار کیا تھا۔
بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں تعین کرنا باقی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نوید کو پولی گرافک ٹیسٹ سے گزارا گیا۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو بلایا گیا اور وہ پیش نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کو ایک مرتبہ پھر بلایا گیا ہے اگر نہیں آتے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

شیئر: