Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’مولا جٹ‘ کی نمائش منسوخ

مولا جٹ‘ میں فواد خان اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا میں پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی نمائش غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈیا میں سب سے بڑے سینما گروپ آئناکس کے ایک اہلکار نے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ڈسٹریبیوٹرز نے 30 دسمبر کی نمائش منسوخ کر دی اور تاحال ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی۔‘
بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں اداکار فواد خان اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور یہ فلم دنیا بھر میں باکس آفس پر اچھا بزنس کر رہی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ ’ہمیں ڈسٹریبیوٹرز نے دو تین دن پہلے بتایا تھا کہ فلم کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔ ہمیں اس فلم کی ریلیز کی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔‘
اہلکافر نے مزید بتایا کہ ’زی سٹوڈیوز نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے جملہ حقوق حاصل کر لیے تھے کیونکہ وہ فلم کے اچھے بزنس کی امید کر رہے تھے تاہم کچھ طبقوں کی مزاحمت کی وجہ سے فلم کو ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کی رہنما اور ان کے سینما ونگ کی صدر امیہ کھوپکر نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’راج ٹھاکرے کی وارننگ کا اثر! ایم این ایس کی وارننگ کے بعد پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی نمائش اب مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔ نہ صرف ریاست میں بلکہ ملک میں کہیں بھی یہ فلم اب ریلیز نہیں ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کسی کے دل میں پاکستانی فنکاروں کے لیے محبت کے جذبات ہیں تو ان کے لیے یہی ایک وارننگ کافی ہے۔ ایم این ایس تحریک کی اس جیت کے لیے میرے تمام ساتھیوں کو دلی مبارکباد۔‘
پاکستان کی فلم دی ’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 1979 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی ہے، جس کو فلم کی زبان میں ری بوٹ کہا جاتا ہے۔
یہ فلم 2020 میں نمائش کے لیے تیار تھی لیکن کورونا وبا کے باعث نمائش کے لیے پیش نہ کی جا سکی مگر اب اس فلم کی پاکستان سمیت پوری دنیا میں نمائش جاری ہے۔

شیئر: