Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کےلیے معاہدے پر دستخط

کوریا کی کارساز کمپنی ہنڈائی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صنعت اور معدنی وسائل نے مملکت میں گاڑیوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے جنوبی کوریا کی کارساز کمپنی ہنڈائی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پورے خطے میں آٹو موٹیو انڈسٹری میں مشترکہ تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ مقامی مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں قومی حکمت عملی کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔
یہ  معاہدہ سعودی ویژن 2030 کے مقاصد کے مطابق بھی ہے جو مملکت کی اقتصادی بنیاد کو متنوع بنانا چاہتا ہے۔
مفاہمت کی یادداشت پر سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف، ان کے نائب اسامہ الزمل، سعودی وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی فیصل الابراہیم اور سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
ہنڈائی موٹر کمپنی کی نمائندگی اس کے ایگزیکٹو نائب صدر اور عالمی آپریشنز کے سربراہ ہیونگ سو کِم نے کی۔ 
مفاہمت کی یادداشت کے تحت سعودی عرب اور ہنڈائی مملکت میں الیکٹرک گاڑیوں اور انٹرنل کمبسش  انجنوں کے لیے ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
یہ معاہدہ اس وقت سامنے آیا جب ہنڈائی نے سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے منصوبوں کا انکشاف کیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق وزارت صنعت ومعدنی وسائل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ جنوبی کوریا کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کا مقصد مملکت میں الیکٹرک گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ ’سی کے ڈی‘ سسٹم کے تحت قائم کرنا ہے‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ ’ یہ اقدام جنوبی کوریا کی ہنڈائی کمپنی کی جانب سے مملکت میں مشترکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کے بعد کیا گیا ہے‘۔ 
واضح رہے قومی صنعتی پالیسی کا بنیادی ہدف آٹوموبائل انڈسٹری میں مقامی سطح پرروزگار میں اضافہ کرنا ہے۔ توقع ہے کہ مملکت میں ہلکی گاڑیوں کی فروخت میں آئندہ برسوں کے دوران 2.2 فیصد اضافہ ہوگا۔ 

شیئر: