Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی میں خاتون ہلاک، گاڑی کئی کلومیٹر تک گھسیٹتی رہی

وہ مبینہ گاڑی جس نے خاتون کو ٹکر ماری پولیس کی تحویل میں ہے۔ (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک خاتون بہیمانہ انداز میں ہلاک ہو گئی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق 20 سالہ خاتون کو ایک گاڑی نے ٹکر ماری اور کئی کلومیٹر تک گھسیٹتی رہی۔ اس واقعے میں ملوث مبینہ طور پر نشے میں دھت پانچوں افراد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
شمال مغربی دہلی کے سلطان پوری علاقے میں ہونے والے اس واقعے کے خلاف نئی دہلی کے کچھ حصوں میں مظاہرے ہوئے ہیں۔ جبکہ یہ الزامات بھی سامنے آئے ہیں کہ خاتون کی موت سے قبل ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔
خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے جبکہ ان کے اہل خانہ انصاف کے طلب گار ہیں۔
ہلاک ہونے والی خاتون کی والدہ نے کہا ہے کہ ’پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی ثابت ہونے پر ملزمان کے خلاف ریپ کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ میں اپنی بیٹی کے لیے انصاف کی اپیل کرتی ہوں۔‘
پریس بریفنگ کے دوران سپیشل کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہودا نے کہا کہ ’پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر کیس کے سلسلے میں گرفتار پانچ ملزمان کے خلاف نئے الزامات کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فی الحال پانچ ملزمان کے خلاف غیرارادتاً قتل (یہ قتل کے برابر نہیں) غفلت اور مجرمانہ سازش سے موت کا سبب بننے کے الزامات شامل ہیں۔‘
دی نیشنل کمیشن فار وویمن اور دہلی وویمن کمیشن نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس سے مزید تفصیلات کا مطالبہ کیا ہے۔
قبل ازیں نئی دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال نے اسے ’ایسا جرم قرار دیا جو شاذ و نادر‘ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو پھانسی دی جانی چاہیے۔

شیئر: