Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے شرم رنگ‘ اور ’اب کے ہم بچھڑے‘ کی دھن میں مماثلت، ’بالی وڈ کو رائلٹی ادا کرنی چاہیے‘

شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے نامور گلوکار سجاد علی کا کہنا ہے کہ بالی وڈ سُپر سٹار شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا گانا سن کر انہیں اپنے ایک پرانے گانے کی یاد تازہ ہو گئی۔
فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعات کی زد میں ہے اور اب ایک اور تنازع ابھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے جس کے متعلق شائقین کا کہنا ہے کہ گانے کی دھن چرانے پر بالی وڈ کو رائلٹی ادا کرنی چاہیے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں سجاد علی نے کہا کہ بے شرم رنگ سن کر انہیں اپنی گائی ہوئی غزل ’اب کے ہم بچھڑے‘ یاد آ گئی۔
سجاد علی کا کہنا تھا ’میں یوٹیوب پر نئی فلموں کے گانے سن رہا تھا کہ مجھے 25,26 سال پہلے گایا ہوا گانا یاد آ گیا۔‘
سجاد علی نے ویڈیو میں ’اب کے ہم بچھڑے‘ کے چند بول گنگنا کر بھی سنائے۔
پاکستانی گلوکار کی ویڈیو پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے شائقین نے بھی سجاد علی کے ساتھ اتفاق کیا کہ بے شرم رنگ کی دھن ان کے گانے کی طرز پر ہی بنی ہوئی ہے۔
ایک انسٹاگرام صارف انس نعیم نے مطالبہ کیا کہ ’گانے کی دھن چرانے پر بالی وڈ کو رائلٹی ادا کرنی چاہیے۔‘
خیال رہے کہ گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پاڈوکون کے لباس کو بھی ’قابل اعتراض‘ قرار دیا گیا ہے۔
انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وزیر نے ریاست مدھیہ پردیش میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’گانے میں پہنا گیا لباس بہت قابل اعتراض ہے اور صاف نظر آ رہا ہے کہ یہ گانا گندی ذہنیت کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔‘

شیئر: