Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں کوہلی کی شرٹ، میں بابر کی پہن کر گیا تو۔۔۔ انڈین فین کا طنز

کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کی شرٹ پہن کر تماشائیوں کے درمیان بیٹھے ایک فرد کی تصویر انڈین ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی ہے۔
تصویر میں ایک نوجوان کو سٹیڈیم میں نیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بیٹھے دکھایا گیا ہے جس پر 18 کا ہندسہ اور کوہلی کا لفظ نمایاں ہے۔
اویناش آریان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کے ساتھ لکھا کہ ’کراچی ٹیسٹ کے دوران وراٹ کوہلی کا ایک فین ان کی شرٹ پہنے بیٹھا ہے۔ یہاں اگر میں بابراعظم کے نام کی جرسی پہن کر میچ دیکھنے چلا جاؤں تو۔۔۔۔‘
ممکنہ منظرنامہ بیان کر کے بات بظاہر ادھوری چھوڑنے والے انڈین ٹویپ نے مزید لکھا کہ ’ٹویٹ کمنٹ میں خود ہمارے انڈین بھائی جواب دے دیں گے۔‘

خود کو سپورٹس جرنلسٹ کے طور پر متعارف کرانے والے انڈین ٹویپ نے اویناش آریان کے خدشے کو درست مانا تو ہندی میں کی گئی ٹویٹ میں سنگین انجام کی نشاندہی کی۔

خود کو کوہلی کا فین بتانے والے ہینڈل نے انڈین وزیرداخلہ امت شا کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس کو پاکستان بھیجو سر پلیز۔‘

بالدو مشرا نے لکھا کہ ’تمہیں گالی اس لیے نہیں پڑتی کہ تم بابر کے فین ہو بلکہ اس لیے پڑتی ہے کہ تم وراٹ کو برا بھلا کہتے ہو۔‘

پاکستانی ٹویپ فاروق عبداللہ نے جواب میں لکھا کہ ’پاکستان، پاکستان ہے اور سب یہاں کرکٹ سے پیار کرنے والے ہیں۔ صرف کوہلی نہیں باقیوں کے فینز بھی یہاں ہیں۔‘

تنقید کیوں ہوتی ہے اور برداشت کا معاملہ کیوں نہیں برتا جاتا کی بحث کے دوران انجینیئر شمس نے مشورہ دیا کہ سیاست کو الگ رکھ کر کھیل کو دیکھا جانا چاہیے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔ اس سے قبل کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

شیئر: