Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کریں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ وزیراعظم‘ کو آئینی عدم اعتماد کے ذریعے پہلی بار پارلیمان نے اپنے گھر بھیجا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ اس بات کے حق میں ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں۔
جمعرات کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’اگر ہم جلد انتخابات کی مخالفت کر رہے ہیں تو ہم ضرور انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کریں گے۔‘
’ہم سمجھتے ہیں کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہیے لیکن اگر کسی کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ انتخابات میں تاخیر کروا سکتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کی مخالفت نہیں کرے گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم آج سے اس بات کی وضاحت کرنا چاہے گے جبکہ ابھی عام انتخابات میں کافی وقت ہے۔ ہمارا تاریخی موقف رہا ہے کہ انتخابات جہاں بھی ہو جیسے بھی ہو وقت پر ہونے چاہیے۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ وزیراعظم‘ کو آئینی عدم اعتماد کے ذریعے پہلی بار پارلیمان نے اپنے گھر بھیجا۔ یہ تاریخی کامیابی ہے اور اس میں پاکستان پیپلز پارٹی کا صف اول کا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس بات کا بھی خیرمقدم کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے کہا ہے کہ وہ غیرسیاسی ہے۔ ہم نے اس بات کا بھی خیرمقدم کیا کہ سابق آرمی چیف (جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ) نے اپنی تقریر میں اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا، اور آگے کا جو لائحہ عمل ہے وہ اپنے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے ئی بات سامنے رکھی کہ آگے چل کر اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی۔‘

شیئر: