Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیلگو فلم سے متعلق آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کی ٹویٹ پر عدنان سمیع برس پڑے

فلم کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
معروف گلوکار عدنان سمیع انڈین ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کی تیلگو فلم ’آر آر آر‘ کے بارے میں ٹویٹ پر برس پڑے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تیلگو فلم ’آر آر آر‘ کے گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنی ٹویٹ میں ٹیم کی کاسٹ اور عملے کو مبارکباد دی اور لکھا کہ ’تیلگو جھنڈا آج بہت اونچا ہے۔‘
اس کے جواب میں عدنان سمیع نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’تیلگو جھنڈا؟ آپ کا مطلب یعنی انڈیا کا جھنڈا؟ ہاں نہ؟ ہم انڈین پہلے ہیں لہذا براہ مہربانی اپنے آپ کو باقی ملک سے الگ کرنا بند کریں، خاص طور پر بین الاقوامی سطح پر ہم ایک ملک ہیں۔ یہ علیحدگی کا رویہ بہت خراب ہے جیسے ہم نے 1947 میں دیکھا تھا، شکریہ۔‘
 

آر آر آر گزشتہ سال ریلیز ہونے والی جنوبی انڈیا کی تیلگو انڈسٹری کی فلم ہے جس میں رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ ایس ایس راجامولی اس فلم کے ہدایتکار ہیں۔
بدھ کے روز اس فلم کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا ہے جس پر انڈیا بھر میں خوشی کا سماں ہے۔
اس فلم کو دو کیٹگریز کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس میں بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری بھی شامل تھی، تاہم یہ ایوارڈ فلم ’ارجنٹینا‘ نے جیتا۔
 گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں فلم کے ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی اور اداکار رام چرن سمیت دوسرے اداکاروں اور اداکاراؤں نے شرکت کی۔

شیئر: