Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ساری دلکشی ختم‘، سمانتھا پربھو کی سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

سمانتھا رُتھ پربھو کو گذشتہ سال اکتوبر میں مائیوسائٹس کی تشخیص ہوئی تھی (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کی ساؤتھ فلم انڈسٹری کی اداکارہ سمانتھا رُتھ پربھو کے ٹوئٹر پر ایک ٹرول اکاؤنٹ کو دیے گئے جواب کے بعد سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔
ایک ٹرول اکاؤنٹ نے سمانتھا پربھو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ساری دلکشی اور چمک ختم ہو گئی ہے۔‘
انہوں نے اس ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ ’میں دعا کرتی ہوں کہ آپ کو کبھی بھی مہینوں کے علاج اور دوائیوں سے نہ گزرنا پڑے جیسا کہ مجھے گزرنا پڑا۔ آپ کی چمک میں اضافے کے لیے میری طرف سے کچھ پیار۔‘
سمانتھا رُتھ پربھو کے ایک فین اکاؤنٹ نے لکھا تھا کہ ’سمانتھا کے لیے افسردہ ہوں وہ اپنا ساری دلکشی اور چمک کھو بیٹھی ہیں۔ جب ہم سب نے سوچا کہ وہ طلاق سے مضبوطی سے نکل آئی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ زندگی بلندیوں پر ہے، مائیوسائٹس (عضلات کی بیماری) نے انہیں بُری طرح متاثر کیا ہے جس سے وہ دوبارہ کمزور ہو گئی ہیں۔‘
سمانتھا کے ٹویٹ کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور حمایت ملنے لگی۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’کسی ایسے شخص کے طور پر جسے قوت مدافعت کی بیماری ہے اور وہ سٹیرائڈز سمیت مختلف علاج کے مراحل سے گزرا ہے، اس قسم کے گھٹیا تبصرے ظالمانہ محسوس ہو سکتے ہیں۔ مجھے ان لوگوں کے لیےافسوس ہے جو نہیں دیکھ سکتے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ایسی دنیا میں جہاں آپ کچھ بھی ہو سکتے ہیں، مہربان بنیں۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’میرے گھر میں تین آٹو امیون مریض ہیں جو بالترتیب اعصاب، پٹھوں اور جلد کو متاثر کرنے والی بیماری میں مبتلا ہیں۔ آپ ایک فائٹر ہیں اور میرے خاندان کے لوگ بھی۔ مضبوط بنیں اور ہم ہر چیز پر قابو پالیں گے۔‘
سمانتھا رُتھ پربھو کو گذشتہ سال اکتوبر میں مائیوسائٹس کی تشخیص ہوئی تھی جو ایسی بیماری ہے جو پٹھوں کو کمزور کرتی ہے۔
یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ اپنے کام سے طویل چھٹی لے رہی ہیں تاہم، سمانتھا نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا اور گزشتہ ہفتے اعلان کیا کہ وہ ’کام پر واپس‘ آ گئی ہیں۔
پیر کے روز اداکارہ نے تیلگو افسانوی ڈرامہ 'شکنتلم' کے ٹریلر ریلیز تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں وہ کافی جذباتی ہو گئی تھیں اور انہوں نے کہا تھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجھے زندگی میں کتنی ہی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایک چیز نہیں بدلے گی اور وہ یہ ہے کہ میں سینما سے کتنا پیار کرتی ہوں اور سینما بھی مجھے چاہتا ہے۔‘

شیئر: