سیلاب زدگان کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد، ’ولی عہد کا شکریہ‘
جمعرات 12 جنوری 2023 9:05
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے چار رکنی وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان المرشد کر رہے تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کے عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سعودی وفد سے ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلٰی حکام نے شرکت کی۔