Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیراعلٰی پنجاب، عمران خان کی تجویز کردہ تین شخصیات کون؟

پرویز الٰہی نے عمران خان سے مشاورت کے بعد نگراں وزیراعلٰی کے لیے ناموں کا اعلان کیا (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم عمران خان اور قائم مقام وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے درمیان صوبے کے نگراں وزیراعلٰی کے نام پر مشاورت ہوئی ہے۔
مشاورت کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے لیے تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔
ان میں پہلا نام احمد نواز سکھیرا کا ہے۔ دوسرا نصیر خان اور تیسرا نام سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ کا ہے۔
سردار احمد نواز سکھیرا کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری ہیں۔ انہوں نے سول سروس 1985 میں جوائن کی تھی۔ 15 اپریل 2020 کو کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری مقرر ہونے سے قبل وہ تجارت، ٹیکسٹائل، اطلاعات، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور پرائیویٹائزیشن میں بطور وفاقی سیکریٹری خدمات انجام دے چکے ہیں۔
14 اگست 2022 کو انہیں حکومت پاکستان نے تمغہ ’ہلالِ امتیاز‘ سے نوازا تھا۔
محمد نصیر خان کا تعلق پنجاب کے ضلع ناروال سے ہے۔ وہ اس سے قبل 2004 میں سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور شوکت عزیز کی کابینہ میں وفاقی وزیر صحت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
ناصر سعید خان کھوسہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید خان کھوسہ اور سابق ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ کے بھائی ہیں۔ 
اس سے قبل 2018 میں تحریک انصاف نے ناصر سعید کھوسہ کا نام پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پیش کیا تھا جس سے مسلم لیگ ن نے اتفاق کیا تھا لیکن بعد میں عمران خان نے ناصر سعید کا نام واپس لے لیا تھا۔
ناصر سعید کھوسہ صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے چیف سیکریٹری اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ 
وہ پنجاب میں وزیراعلٰی شہباز شریف کے ساتھ بطور چیف سیکریٹری خدمات انجام دے چکے ہیں۔

شیئر: