Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں نیوم کے 'دی لائن سٹی' ماڈلز کی نمائش

دی لائن میگا سٹی میں 9 ملین افراد کے رہنے کی سہولیات میسر ہوں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے شمال مغربی ریجن نیوم میں بنائے جانے والے جدید ترین سمارٹ سٹی دی لائن کی تعمیر کے منصوبے کا ماڈلز کی مدد سے نمائش کا ریاض میں اہتمام کیا جا رہاہے۔
عرب نیوز کے مطابق  نیوم میں دی لائن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ  ایک انقلابی تعمیراتی ڈیزائن اور شہری منصوبہ بندی کے تصورات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا۔

 کاریں نہیں ہوں گی ماحولیاتی آلودگی کے بغیر زندگی ہو گی۔ فوٹو عرب نیوز

یہ نمائش ریاض کے جیکس ہال میں الدرعیہ بینالے فاؤنڈیشن برائے عصری آرٹ کے تعاون سے 29 اپریل تک جاری رہے گی۔
زائرین کو مستقبل کے دی لائن سمارٹ سٹی میں سڑکوں، کاروں یا  ماحولیاتی آلودگی کے بغیر زندگی کی جھلک دکھائی جائے گی۔
دی لائن پروجیکٹ کے ترجمان  کا کہنا ہے کہ روایتی شہروں کے برعکس دی لائن سٹی سو فیصد قابل تجدید توانائی پر چلے گا اور نقل و حمل کے علاوہ  یہاں کے  رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے بہبود کے احساس کو فروغ دیا جائے گا۔

دی لائن سٹی 200 میٹر چوڑا اور 170 کلومیٹر طویل شہر ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے بتایا ہے کہ دی لائن سٹی 200 میٹر چوڑا اور 170 کلومیٹر طویل شہر ہو گا جو سطح سمندر سے 500 میٹر بلند ہو گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس میگا سٹی میں کوئی کاریں نہیں ہوں گی لیکن ایک تیز رفتارٹرین رہائشیوں اور زائرین کو اس کے ہر کونے میں لے جائے گی۔
دی لائن کا منفرد ڈیزائن اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پانچ منٹ کی پیدل  مسافت کے دوران  تمام قسم کی سہولیات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

جدید تکنیک سے پھل، سبزیاں اور پھول اگائے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

دی لائن میں جدید تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے کم سے کم جگہ اور پانی کی کم ضرورت کے ساتھ ہائیڈروپونکس باغات روایتی زراعت کے طریقوں کے نصف وقت میں پھل، سبزیاں اور پھول اگائیں گے۔
نیوم منصوبہ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جولائی میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اس میگا سٹی میں 9 ملین افراد کے رہنے کی سہولیات میسر ہوں گی۔
اس نمائش کو دیکھنے والے زائرین عربی اور انگریزی میں گائیڈڈ ٹور کا انتخاب کر سکتے ہیں جبکہ نمائش میں داخلے کے لیے ویب سائٹ https://theline.halayalla.com/en-us پر مفت ٹکٹ بک کئے جا سکتے ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: