Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’واہ بیٹا واہ مزہ آرہا ہے،‘ نیپال میں طیارہ گرنے سے پہلے فیس بُک لائیو

طیارہ حارثے میں 68 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
نیپال میں یتی ایئرلائن کی فلائٹ نمبر 691 جنوری 15 کو کھٹمنڈو سے پوکھارا جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی تھی اور اب تک اس مسافر طیارے میں سوار 68 لوگوں کی اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔
لیکن اے ٹی آر 72 طیارے کے نیپالی سیاحتی مقام پوکھارا کے قریب گر کر تباہ ہونے سے کچھ منٹ پہلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
یہ ویڈیو دراصل ایک فیس بُک لائیو ہے جو ایک انڈین شہری سونو جیسوال کے اکاؤنٹ پر طیارہ گرنے تک براڈکاسٹ ہوئی تھی اور اس ویڈیو میں اس میں سوار مسافروں کے زندگی کے آخری لمحات کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سونو جیسوال ہر چیز سے بے خبر جہاز کی کھڑکی کے ذریعے سیاحتی مقام فیس بک لائیو پر دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سونو جیسوال کا تعلق انڈیا کی ریاست اتر پردیش سے ہے اور وہ نیپال اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے گئے ہوئے تھے۔
اس ویڈیو میں سونو جیسوال کے ایک دوست کو کہتے ہوئے سُنا جا سکتا ہے کہ ’واہ بیٹا واہ، موج کردی‘ جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ سب دوست جہاز کے سفر کا لطف اٹھا رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ ’مزہ آرہا ہے۔‘
لیکن کچھ ہی دیر ویڈیو کے اختتام پر کیمرا گر جاتا ہے، دھماکہ اور چیخیں سنائی دیتی ہیں اور شعلے نظر آتے ہیں۔
انڈین نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کو سونو جیسوال کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ ’سونو اپنے تین دوستوں کے ساتھ 10 جنوری کو ایک مندر دیکھنے کے لیے نیپال گئے تھے اور ان کا مقصد وہاں جا کر اپنے بیٹے کی پیدائش پر شُکر کا اظہار کرنا تھا لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔‘

شیئر: