Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمری پر دستخط، پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل

وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سمری منگل کو گورنر غلام علی کو ارسال کی گئی تھی (فوٹو: کے پی اسمبلی)
خیبر پختونخوا کے گورنر غلام علی نے وزیراعلٰی کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہو گئی ہے۔
وزیراعلٰی محمود خان نے منگل کو سمری گورنر کو بھجوائی تھی۔
سمری بھجوانے کے بعد محمود خان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ اسمبلی توڑنے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا گیا ہے۔
سمری پر دستخط کے بعد پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کا کہنا تھا کہ ’میں نے سوچا دو دن کا وقت کیوں ضائع کروں، آئین کے مطابق دستخط کیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ رات سوا ایک بجے اے ڈی سی نے فون پر بتایا کہ سمری لائی جا رہی ہے جس پر صبح نو بجے دستخط کر دیے۔
غلام علی کے مطابق ’ایک سے زائد بار کہا تھا کہ اسمبلی توڑنے کی بات چھوڑ دیں، جوڑنے کی بات کریں۔‘
17 جنوری کی رات تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے پارٹی کے فیصلے اور عمران خان کی ہدایت کے مطابق اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر خیبر پختونخواہ کو بھجوا دی ہے، اگر گورنر نے 48 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل نہ کی تو جمعرات کو اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس فیصلے سے ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔‘

شیئر: