Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوکر کی وضاحت کرنی چاہیے: سلیمان شہباز کی ٹویٹ پر شاہد خاقان عباسی کا ردعمل

نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد ن لیگ نے شاہد خاقان کو وزیراعظم بنایا تھا (فائل فوٹو)
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی جانب سے سابق وزرائے خزانہ کو ’جوکر‘ کہے جانے پر وضاحت دینے کا کہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے انگریزی اور اردو زبانوں میں الگ الگ کی گئی دو ٹویٹس میں ’تین سابق وزرائے خزانہ کو جوکر‘ کہا گیا تھا۔
’تین جوکروں نے بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں‘، کے جملے کے ساتھ کیے گئے تبصرے میں موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’چیلنجز بہت بڑے ہیں وہ اپنے عزم اور ہمت کے ساتھ بہترین کوشش کر رہے ہیں۔‘
متعدد ٹویپس نے اس معاملے کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا سلیمان شہباز نے تین سابق وزرائے خزانہ میں اپنی ہی پارٹی کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی فہرست کا حصہ‘ بنایا ہے۔

سلیمان شہباز نے خود یا کسی اور نے پارٹی کی جانب سے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے مفتاح اسماعیل کو بھی ’جوکر‘ قرار دیا ہے یا ’آخری تین وزرائے خزانہ‘ سے مراد پی ٹی آئی کے وزرائے خزانہ ہیں۔
اسی تناظر میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کی تو ان سے بھی پوچھا گیا کہ سلیمان شہباز شریف نے ایسی ٹویٹ کی ہے، آپ کیا کہتے ہیں؟
جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’مجھے بھی یہ ٹویٹ دکھائی گئی ہے، اس کی تائید نہیں کر سکتا۔ یہ مناسب بات نہیں ہے۔‘
’چاہے پی ٹی آئی کا وزیرخزانہ ہو، کسی اور جماعت کا ہو یا ہماری پارٹی کا ہو یہ بات کرنا مناسب نہیں ہے۔‘
معاملے پر ردعمل میں انہوں نے مزید کہا کہ ’جو ہوا وہ کابینہ کی پالیسی تھی، وزیر خزانہ تو وزیراعظم کی پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے۔ اگر کسی کو اس سے اختلاف ہے تو اس پر اپنی رائے مناسب انداز میں دیں، ان پر تنقید کریں۔‘
اس سے قبل سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ ’جوکر‘ کا لفظ ان کے لیے بولا گیا تھا۔ ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کی گئی گفتگو کے دوران مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’سلیمان شہباز کے ساتھ دیرینہ تعلق رہا ہے مجھے ایسی بات کی توقع نہیں تھی۔‘

شیئر: