Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا حکومت نے پاکستانی پاسپورٹ کی فیس بڑھا دی ہے؟

پاسپورٹ آفس کے اہلکار نے بتایا کہ ’عام پاسپورٹ کی فیس اب بھی تین ہزار روپے ہے‘ (فوٹو:اے ایف پی)
سوشل میڈیا پر پاسپورٹ فیس کی ایک دستاویز شیئر کی جا رہی ہے جس میں دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے پاسپورٹ فیس میں 80 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
اس دعوے کی حقیقت میں کتنی صداقت ہے یہ جاننے کے لیے اردو نیوز نے جب وزارت داخلہ سے رابطہ کیا تو ایک ترجمان نے بتایا کہ ’یہ خبر غلط ہے اور عام پاسپورٹ کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی دستاویز ای پاسپورٹ کی فیس کے حوالے سے ہے جو حال ہی میں اسلام آباد میں لانچ کیا گیا ہے۔‘
پاسپورٹ آفس کے ایک اہلکار نے بھی اردو نیوز کو بتایا کہ ’عام پاسپورٹ کی فیس اب بھی تین ہزار روپے جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس پانچ ہزار روپے ہے۔‘
وزارت داخلہ نے وضاحت کی کہ ’ای پاسپورٹ کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا بلکہ یہ پاسپورٹ عام صارفین کے لیے لانچ ہی ابھی کیا گیا ہے۔ اس سے قبل گذشتہ سال سے ای پاسپورٹ صرف سرکاری اہلکاروں اور ڈپلومیٹس کو ہی مہیا کیا جاتا تھا۔‘

ای پاسپورٹس کے حوالے سے وفاقی حکومت کی فیس

وفاقی حکومت نے 36 اور 72 صفحات کے ای پاسپورٹس کے لیے فیسیں چند دن قبل مقرر کی تھیں۔ وفاقی حکومت کی منظوری سے ای پاسپورٹس کے اجرا کے لیے فیس شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ای پاسپورٹ میں موجود چپ کو ای گیٹس پر سکین کرنے سے مسافر کی تمام معلومات سامنے آجائیں گی (فوٹو: اے ایف پی)

وزارت داخلہ کے مطابق عام شہریوں کو ای پاسپورٹ موجودہ پاسپورٹ کی مدت کے اختتام پر جاری کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ای پاسپورٹس کے اجرا کا آغاز صرف اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے۔
ملک بھر کے دیگر پاسپورٹ دفاتر سے ای پاسپورٹ اجرا کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق 36 صفحات کے پانچ سالہ ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس نو ہزار روپے، ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے، 10 سالہ پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 13 ہزار 500 اور ارجنٹ کے لیے 22 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
72 صفحات کے پانچ سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 16 ہزار 500، اور ارجنٹ کے لیے 27 ہزار روپے ہو گی جبکہ 10 سالہ ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 24 ہزار 750 اور ارجنٹ فیس 40 ہزار 500 روپے ہو گی۔
فیس کی ادائیگی نیشنل بینک، موبائل ایپ، موبی کیش اور ایزی پیسہ سے بھی کی جا سکتی ہے۔

ای پاسپورٹ کیا ہے؟

ای پاسپورٹ ایک جدید پاسپورٹ ہے جو قومی شناختی کارڈ جیسا نہیں بلکہ ایک کتابچے کے اندر چسپاں کارڈ ہے جس میں ایک مائیکرو چِپ لگی ہوتی ہے۔

حکام کے مطابق ای پاپسورٹ سے مسافروں کو امیگریشن کی لمبی لائنوں کے بغیر فوری سہولت میسر آئے گی (فوٹو: اے پی پی)

اس چِپ جس میں مسافر کا پاسپورٹ ڈیٹا اور بائیومیٹرک معلومات جیسا کہ فنگر پرنٹس اور تصویر سٹور ہوتی ہے۔ پاکستانی ای پاسپورٹ کی مائیکرو چِپ پولی کاربونیٹڈ صفحے پر لگی ہے جو اِس وقت دنیا میں سب سے محفوظ میٹریل سمجھا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ میں موجود چِپ کو جب ایئرپورٹ پر لگے ای گیٹس پر سکین کیا جائے گا تو اس میں موجود مسافر کی تمام معلومات سامنے آجائیں گی اور مسافر امیگریشن گیٹ سے بِلا روک ٹوک گزر جائیں گے۔
مسافر ای پاسپورٹ ای گیٹ پر رکھیں گے تو معلومات سکین ہونے کے بعد دروازہ کھل جائے گا، پھر وہ اگلے گیٹ پر جا کر فنگر پرنٹس لگائیں گے اور کیمرے کے سامنے کھڑے ہوں گے تو وہ گیٹ بھی کھُل جائے گا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ای پاسپورٹ سے نہ صرف پاکستانی پاسپورٹ پر بھروسہ بڑھے گا بلکہ پاکستان کا تاثر ایک جدید قوم کے طور پر بھی اُبھرے گا۔‘
’ای پاسپورٹ بارڈر سکیورٹی ایجنسیز کو اِس قابل بناتا ہے کہ کسی بھی مسافر کا ڈیٹا اس کی مائیکرو چِپ سے دیکھ کر اس کی شناخت کی فوری تصدیق کر لیں۔ اس طرح پاسپورٹ پر جعلی تصویر، جعلی نام یا جعلی بائیومیٹرک ویری فیکیشن کا خاتمہ ہو جائے گا۔‘
حکام کے مطابق اس کارڈ سے نہ صرف سکیورٹی حکام کو فائدہ ہو گا بلکہ مسافروں کو بھی پریشانی اور امیگریشن کی لمبی لائنوں کے بغیر فوری سہولت میسر آئے گی۔

شیئر: